طلبہ زندگی کے ہر شعبے میں بھائی چارے اورمادر وطن کیلئے غیر مشروط خدمات پیش کریں

تعلیم یافتہ نوجوان مثبت سوچ کو پروان چڑھانے میں کردار ادا کریں تاکہ پاکستانیت فروغ پا سکے قوم کو ہر شعبے میں اتحاد اور قومی تعمیر میں تعاون کے فروغ کیلئے آپ کی مدد کی ضرورت ہے اتحاد، ایمان، تنظیم کو نصب العین بنائیں تاکہ ملک کو مثالی فلاحی ریاست بنایا جاسکے لیفٹیننٹ جنرل(ر) غلام مصطفی کا پنجاب یونیورسٹی میں "پاکستانیت" کے موضوع پر خطاب

پیر 23 اکتوبر 2017 15:31

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) سابق کور کمانڈر منگلا لیفٹیننٹ جنرل(ر) غلام مصطفی نے طلبہ پر زور دیا ہے کہ وہ سب سے اولین ترجیح وطن عزیز کو دیں اور زندگی کے ہر شعبے میں بھائی چارے کے فروغ اور مادر وطن کیلئے غیر مشروط خدمات پیش کریں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے پیر کو پنجاب یونیورسٹی کے انسٹیٹیوٹ آف کمیونیکیشن سٹڈیز میں "پاکستانیت" کے موضوع پر سیمینار میں بطور مہمان خصوصی خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ نوجوان بالخصوص اعلیٰ تعلیم یافتہ نوجوان آگے آئیں اور لوگوں میں مثبت سوچ کو پروان چڑھانے میں کردار ادا کریں تاکہ عوام کے طرز زندگی میں پاکستانیت فروغ پا سکے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان بابائے قوم قائداعظم محمد علی جناح کے درس اتحاد، ایمان، تنظیم کو اپنا نصب العین بنائیں تاکہ ملک کو اسلام کا قلعہ اور پوری مسلم امہ کے لئے مثالی فلاحی ریاست بنایا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قوم کو ہر شعبہ زندگی میں اتحاد کو فروغ دینے اور تمام شعبوں میں قوم کی تعمیر میں تعاون کو فروغ دینے کیلئے آپ کی مدد کی ضرورت ہے اس لئے طالب علموں کو معاشرے میں عوامی سطح پر بیداری پیدا کرنے اور اپنے مفادات کیلئے ملک کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر کے کیخلاف رائے عامہ ہموار کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیئے۔اس موقع پر سابق سفیر لیفٹیننٹ (ریٹائرڈ) محمد اشرف سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو میرٹ پر کل نشستوں کا 60 فی صد مختص کرنا چاہیے جبکہ وفاقی دارالحکومت سمیت تمام تعلیمی اداروں میں دیگر صوبوں اور آزاد جموں و کشمیر کے لئے 40 فیصد نشستوں کو مختص کیا جانا چاہئے تاکہ ملک بھر میں تمام تعلیمی اداروں خاص طور پر میڈیکل اور انجینئرنگ یونیورسٹیوں میں قومی ہم آہنگی کو فروغ مل سکے اور کم ترقی یافتہ علاقوں کے لوگوں کو بہتر مواقع فراہم کئے جا سکیں۔

ایئر کموڈور (ریٹائرڈ) خالد فاروق چشتی نے قائداعظم کی زندگی پر دستاویزی فلم پیش کی جس میں ان کی حب الوطنی کی عکاسی کی گئیہے۔ انہوں نے کہا کہ قائداعظم نے اپنے ذاتی فوائد کے لئے قومی خزانے سے کبھی ایک پیسہ بھی خرچ نہیں کیا، ان کی بہن فاطمہ جناح کو بھی ذاتی مقاصد کے لئے حکومتی خزانے کا استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی گئی تھی اور یہ قائد کی "پاکستانیت" کو فروغ دینے کی خواہش کا مظہر ہے۔ انہوں نے طلباء پر زور دیا کہ بابائے قوم کے فرمودات پر سچائی اور اس کی مکمل روح کے مطابق عمل کریں۔

متعلقہ عنوان :