تیسری50روزہ مشن ردالمنشیات سائیکل ریس شاہ ولی نے جیت لی

پیر 23 اکتوبر 2017 14:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء)تیسری50روزہ مشن ردالمنشیات سائیکل ریس شاہ ولی نے فوٹو فنش کے ساتھ جیت لی ہے،دلیر سائیکلسٹوں نے منشیات فروشوں کے عزائم سائیکلوں کے پہیوں تلے روند ڈالے ۔تفصیلات کے مطابق 160سائیکلسٹوں کی تاریخ ساز ریکارڈ شرکت نے منشیات فروشوں کے اڈوں کے اطراف میں سائیکلنگ کرکے منشیات فروشوں اور انکے سرپرستوں کے عزائم خاک میں ملادیئے ہیں۔

آج مشن کے چیف آرگنائزر اور سندھ سائیکلنگ ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری کلیم اعوان کی چیف آرگنائزنگ شپ میں تیسری مشن ردالمنشیات سائیکل ریس ٹیم منگھوپیر کراچی ویسٹ کے شاہ ولی نے 78کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اسپیڈ فوٹو فنش کے ساتھ جیت لی۔انہوںنے 22کلومیٹر کا مقررہ فاصلہ 29منٹ میں طے کیا۔

(جاری ہے)

ٹیم کرینک ایڈکس کراچی ساؤتھ کے عمر انیس 29منٹ 2سیکنڈ میں دوسرے اور ٹیم لانڈھی فائیٹر کراچی ایسٹ کے عبدالحمید 29منٹ 5سیکنڈ میں تیسرے نمبر پر رہے۔

ریس کی خاص بات انڈ15کے 60سائیکلسٹوں کی خصوصی شرکت تھی جس میںزمان ٹاؤن لانڈھی کے شایان پہلے ، ملیر ٹاؤن کے جلیل دوسرے اور ابراہیم حیدری کے صبو ر تیسرے نمبر پر رہے۔ ریس کا افتتاح مہمان خصوصی پاکستان ایڈوینچر سائیکلنگ فیڈریشن کے صدر عرفان حنیف نے مرتضیٰ چورنگی کورنگی انڈسٹریل ایریا سے فلیگ آف کرکے کیا اور ریس لانڈھی نمبر4جاکر واپس مرتضیٰ چورنگی سے ہوتی ہوئی سنگر چورنگی گئی اور واپس مرتضیٰ چورنگی پہنچی اور اس روٹ کے تین چکر لگا کر ختم ہوئی۔

اس موقع پر انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ اے ڈی خواجہ کی ہدایت پر پولیس نے سائیکلسٹوں اور منتظمین کی حفاظت کے لئے خصوصی وی وی آئی پی انتظامات کیئے ہوئے تھے۔ آخر میں مہمان خصوصی عرفان حنیف نے کلیم اعوان کے ساتھ ملکر پوزیشن حاصل کرنے والے سائیکلسٹوں میں نقد انعامات ، گولڈن ٹرافیاں ، شیلڈ اور خصوصی سرٹیفکیٹ تقسیم کئے۔