نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے مقرر کردہ فیس سے زیادہ فیسیں وصول کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع

پیرو اور ڈولفن فورس کی مایوس کن کارکردگی کے حوالے سے تحریک التوائے کار بھی اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی گئی

پیر 23 اکتوبر 2017 14:17

نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے مقرر کردہ فیس سے زیادہ فیسیں وصول کرنے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ(ن) کی رکن پنجاب اسمبلی حنا پرویز بٹ نے نجی تعلیمی اداروں کی جانب سے حکومت کی طرف سے مقرر کردہ فیس سے زیادہ فیسیں وصول کرنے کیخلاف پنجاب اسمبلی میں قرارداد جمع کرادی جس میں کہا گیا ہے کہ صوبے بھر میں نجی تعلیمی اداروں کے مالکان اپنی مرضی کی فیسیں وصول کررہے ہیں ۔حکومت کی جانب سے سال میں ایک مرتبہ پانچ فیصد اضافہ کرنے کی منظوری دی گئی ہیں لیکن نجی سکول مالکان نے پندرہ فیصد تک فیسیں بڑھا دی ہیں۔

جو کہ والدین پر اضافی بوج ڈال دیا گیا ہے۔لہذا یہ ایوان حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ فیس سے زیادہ وصول کرنے والے نجی سکولوں کے خلاف ایکشن لیا جائے اور ان کو پابند کیا جائے کہ وہ مقرر کردہ فیس سے زیادہ فیس وصول نہ کریں۔

(جاری ہے)

جبکہ تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا نے ایک تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ نجی اخبار کی خبر کے مطابق شہر میں سٹریٹ کرائم کے خاتمے اور جرائم پیشہ عناصر کے گرد گھیرا تنگ کرنے کے لئے بنائی جانے والی پیرو فورس اور ڈولفن فورس کی کارکردگی انتہائی مایوس کن، نا تجربہ کار افسر کی تعیناتی کے بعد ڈولفن فورس اور پیرو فورس ٹیمیں شہر میں صرف وقت پاس کرنے اور 50 کلو میٹر گاڑی چلا کر افسران کی آنکھوں میں دھول جھونک رہی ہیں۔

شہر میں کسی بھی سٹریٹ کرائم میں ملوث متحرک گینگ کو ڈولفن فورس اور پیرو فورس گرفتار نہ کر سکی ہے ڈولفن فورس کو ملنے والی قیمتی موٹر سائیکلیں بھی افسران کی عدم توجہی کے باعث خراب حالت میں لائن میں پڑی ہیں، ڈولفن و پیرو فورس میں تعینات افسران کی غفلت لاپرواہی، ناتجربہ کاری کے باعث وزیر اعلیٰ پنجاب، آئی جی پنجاب کا شہر میں جرائم کا خاتمہ اور تھانہ کلچر میں تبدیلی کا خواب ادھورا دکھائی دے رہا ہے۔