دبئی میں نماز کیلئے سڑک کنارے گاڑی کھڑی کرنے پر پابندی

نماز کیلئے گاڑی سڑک کنارے پارک کرنے والوں پر 500 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا، پولیس

پیر 23 اکتوبر 2017 13:55

دبئی میں نماز کیلئے سڑک کنارے گاڑی کھڑی کرنے پر پابندی
دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) دبئی میں نماز کیلئے سڑک کنارے گاڑی کھڑی کرنے پر پابندی، گاڑی سڑک پر کھڑی کرکے نماز اداکرنے والے پر 500 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔ڈائریکٹر ٹریفک پولیس بریگیڈیئر سیف موحائر المزروئی کے مطابق دبئی میں کسی بھی سڑک پر گاڑی پارک کرکے نماز کی ادائیگی پر پابندی لگادی گئی ہے اور خلاف ورزی کر نے پر 500 درہم جرمانہ عائد کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

دبئی پولیس کی جانب سے یہ اقدام ہفتے کو شیخ محمد بن زید روڈ پر پیش آنے والے حادثے کے بعد کیا گیا ہے۔ پولیس آفیسر کے مطابق دبئی شہر میں تقریبا ہر علاقے میں ہی مساجد قائم ہیں جہاں اطمینان سے نماز ادا کی جاسکتی ہیں تاہم سپرہائی ویز پر پیٹرول پمپ ادائیگی نماز کے لیے ایک محفوظ مقام ہے۔ سڑک کنارے گاڑی کھڑی کرنا ٹریفک حادثات کی وجہ بن رہا ہے جب کہ ہائی وے پر حادثات ہونے کے خطرات مزید بڑھ جاتے ہیں۔ پولیس کے لیے یہ کسی طور بھی قابل قبول نہیں کہ ڈرائیور گاڑی کو سڑک کنارے پارک کرکے نماز ادا کرے خصوصا ہائی ویز پر ایسا عمل قطعی طور پر قبول نہیں کرسکتے۔