محکمہ وائلڈلائف کی غیر قانونی شکاریوں کی خلاف بڑی کارروائی

کچھوئوں کا گوشت فروخت کرنے و الے، شاہینوں کے شکارمیں مصروف 2 پارٹیاں گرفتار، ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیات کا چھاپہ مار ٹیم کو تعریفی اسناد دینے کا اعلان

پیر 23 اکتوبر 2017 13:45

لاہور۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)ڈائریکٹر جنرل وائلڈ لائف اینڈپارکس پنجاب خالد عیاض خان کی ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف ملتان کی سربراہی میں غیر قانونی شکار کی روک تھام کے حوالے سے تشکیل دی گئی خصوصی ٹیم نے کبیر والا خانیوال کے دریائی علاقے چھاپہ مار کر 2 افراد اکرم اور مظہرکو شکار کردہ کچھوئوں کے گوشت اور ان کیخول سمیت گرفتار کر لیا ہے، تفتیش کرنے پر گرفتار ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ کچھوئوں کا گوشت دکانوں پر فروخت کیا کرتے تھے،اسی طرح چھاپہ مار ٹیم نے ایک دوسری بڑی کارروائی کے دوران 2 افراد ساجد محمود اور جمشید خان کو ہیڈ اسلام ضلع وہاڑی کے نواحی علاقے سے شاہینوں کی نیٹنگ کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیا اور ان سے نیٹنگ کا سامان بھی برآمد کیا ہے،ان چاروں ملزمان کو گرفتار کردہ علاقوں کے پولیس سٹیشنوں کے حوالے کر دیا گیا ہے اور کل صبح انہیں عدالت پیش کیا جائے گا،ڈی جی وائلڈ لائف اینڈ پارکس خالد عیاض خان نے چھاپہ مار ٹیم کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ غیر قانونی شکاریوں کے خلاف مہم جاری رہے گی اور فرض شناس و اعلی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افسران کی ہر سطح پر حوصلہ افزائی کی جائے گی۔