اچھی روئیدگی کیلئے چنے کی کاشت مکمل کرنے سمیت فاسفورسی کھادوں کا بھی خیال رکھا جائے، ماہرین زراعت کی ہدایت

پیر 23 اکتوبر 2017 13:41

فیصل آباد۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) ماہرین زراعت نے کہاہے کہ کاشتکار اچھی روئیدگی کیلئے بذریعہ ڈرل و پور چنے کی کاشت مکمل کریں اور فاسفورسی کھادوں کا بھی خاص خیال رکھاجائے تاکہ بہتر سے بہتر پیداوار کاحصول ممکن ہو سکے،انہوںنے بتایاکہ چنے کی فصل کو دوسری فصلو ں کی طرح نائٹروجن کی زیادہ ضرورت نہیں ہوتی کیونکہ پودے اپنی ضرورت کے مطابق نائٹروجن ہواسے حاصل کرلیتے ہیں تاہم چنے کی بہتر پیداوار حاصل کرنے کیلئے اس فصل کو فاسفورس کی زیادہ ضرورت ہوتی ہے جس کے باعث پیداوار میں اضافہ کے علاوہ فصل کے جلد پکنے میں بھی معاونت حاصل ہو سکتی ہے،کاشتکار چنے کے کھیت میں فی ایکڑ رقبہ پر 34کلوگرام فاسفورس ڈالیں اور نائٹروجن و فاسفورس کی مطلوبہ مقدار سمیت کھادوں کا متناسب استعمال یقینی بنانے کیلئے ڈیڑھ بوری ڈی اے پی یا آدھی بوری یوریابمعہ ڈیڑھ بوری ٹرپل سپر فاسفیٹ یا ایک بوری نائٹروفاس اور ایک بوری ٹرپل سپرفاسفیٹ وآدھی بوری یوریا کااستعمال بھی کیاجاسکتاہے،