محکمہ زراعت کے افسران کو گندم کی کاشت کا مقررہ ہدف ہر حال میں مکمل کرنے کی ہدایت

پیر 23 اکتوبر 2017 13:41

فیصل آباد۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء) فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ ، چنیوٹ سمیت تمام اضلاع کیلئے مقرر کردہ گندم کی کاشت کا ہدف ہر حال میں مکمل کرنے کیلئے ضروری ہدایات جاری کر دی گئی ہیں اور تمام زراعت افسران سمیت فیلڈ سٹاف سے کہاگیاہے کہ وہ ہمہ وقت کاشتکاروں ، کسانوں ، زمینداروں کی رہنمائی یقینی بنائیں تاکہ وہ بروقت اور مناسب طریقے سی15 نومبر تک گندم کی کاشت کے اہداف حاصل کرنے میں کامیاب ہو سکیں، محکمہ زراعت کے ترجمان نے بتایاکہ اس سلسلہ میں محکمہ زراعت کی جانب سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور وسیع پیمانے پر تشہیری مہم کا بھی آغاز کردیاگیاہے، انہوںنے کہاکہ یکم نومبر سے لیکر15 نومبر تک کے ایام گندم کی کاشت کیلئے انتہائی اہمیت کے حامل ہیں اس لئے ان ایام میں کسی غفلت ، کوتاہی ، سستی ، لاپرواہی کامظاہرہ نہ کیاجائے،کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ بیماری سے پاک تصدیق شدہ ، صحت مند بیج زہر لگاکر بذریعہ ڈرل کاشت کریں تاکہ بہترپیداوار اور بمپر کراپ حاصل کرنے میں مدد مل سکے۔