سابق صدر غلام اسحاق خان کی 11ویں برسی 27اکتوبر کو منائی جائے گی

پیر 23 اکتوبر 2017 13:21

سابق صدر غلام اسحاق خان کی 11ویں برسی 27اکتوبر کو منائی جائے گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 اکتوبر2017ء) پاکستان کے سابق صدر غلام اسحاق خان کی 11ویں برسی 27اکتوبر کو منائی جائے گی وہ 27اکتوبر 2006ء کو طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے تھے۔20جنوری 1915ء کوصوبہ سرحد کے شہر بنوں میں جنم لینے والے غلام اسحاق خان نے 1955ء سے لے کر 1993ء تک قریباً نصف صدی اقتدار کی غلام گردشوں میں گزارے انہوں نے ایک سول اہلکار سے اپنی عملی زندگی کا آغاز کیا اور ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے منصب صدارت پر فائز ہو گئے وہ بنیادی طور پر ایک بیورو کریٹ تھے۔

غلام اسحاق خان سیکرٹری اطلاعات،چیئرمین واپڈا ،سیکرٹری خزانہ،گورنر سٹیٹ بینک ،سیکرٹری دفاع،وزیر خزانہ اور چیئرمین سینیٹ بھی رہے چکے ہیں۔ انہیں شاندار خدمات کے عوض ستارہ پاکستان اور ہلال پاکستان کے اعزازات سے نوازا گیا۔

(جاری ہے)

سابق صدر جنرل ضیاء الحق کے فضائی حادثے میں انتقال کے بعد انہوں نے منصب صدارت سنبھالا انہیں آئین کی آٹھویں کی شق اٹھاون ٹو بی کے تحت حکومت کو بد طرف کرنے کا بھی اختیار حاصل تھا انہوں نے بطور صدر 58ٹوبی کا استعمال کرتے ہوئے اگست 1990ء کو محترمہ بے نظیر بھٹو اوراپریل 1993 ء میںمیاں نواز شریف کی حکومتوں کو بد طرف کیا جس کے بعد ان کی حیثیت متنازع ہو گئی جس کی وجہ سے سیاسی ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا اور آخر کار انہیں منصب صدارت چھوڑنا پڑا۔

قصر صدارت سے رخصتی کے بعد انہوں نے باقی زندگی گوشہ گمنامی میں گزاری اور آخر کار 27اکتوبر 2006ء خاموشی کے ساتھ اس فانی دنیا سے رخصت ہو گئے۔