Live Updates

عمران خان سندھ کی وفاقی دھرتی پر علیحدگی پسندوں اور کرپٹ ٹھیکیداروں کے ساتھ مل کر بھٹو خاندان کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں، اعجاز درانی

عمران پہلے طالبان کے ترجمان تھے ،اب لیاری گینگ وار کی ترجمانی کررہے ہیں اورپیپلزپارٹی کو گالیاں دے کر وفاق کو نقصان پہنچ رہے ہیں،ترجمان بلاول ہائوس

پیر 23 اکتوبر 2017 12:55

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) بلاول ہائوس کے ترجمان اعجاز درانی نے کہا ہے کہ عمران نیازی کا سیہون میں جلسہ اور تقریر خود ان کے لئے لمحہ فکریہ ہے۔عمران نیازی پہلے طالبان کے سیاسی ترجمان تھے اور اب وہ لیاری گینگ وار کی ترجمانی کررہے ہیں۔ عمران نیازی پیپلزپارٹی کو گالیاں دے کر وفاق پاکستان کو نقصان پہنچ رہے ہیں۔

عمران خان کی جانب سے سیہون جلسے میں پیپلزپارٹی کی قیادت پر لگائے گئے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اعجاز درانی نے کہا کہ عمران خان نے بھٹو خاندان پر الزام تراشی کر کے آسمان پر تھوک کر خود اپنا منہ خراب کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کو خاندانی تربیت نصیب نہیں ہوئی ہے۔عمران خان ایمپائر کی انگلی کے اشارے کے انتظار میں آنکھوں کی بینائی کے ساتھ ساتھ اپنا ذہنی توازن بھی کھو بیٹھے ہیں۔

(جاری ہے)

نواز شریف کی تربیت ڈکٹیٹر ضیاالحق نے کی اور عمران نیازی کی سیاسی تربیت ڈکٹیٹر پرویز مشرف نے کی۔ اعجاز درانی نے کہاکہ جس طریقے سے ضیاء کے بدنام زمانہ ریفرنڈم میں نوازشریف ان کے چیف پولنگ ایجنٹ تھے بلکل اسی طرح سے مشرف کے بدنام زمانہ ریفرنڈم میں عمران نیازی ان کے چیف پولنگ ایجنٹ تھے۔ ڈکٹیٹروں کے دونوں لاڈلوں نے عوام سے اپنے گھنائونے کردار کی معافی مانگی لیکن آج بھی وہ ضیاء اور مشرف کے ایجنڈے کو آگے بڑھا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران نیازی جیسے بوڑھے انگریز کو کبھی بھی عزت راس نہیں آتی۔جو شخص اپنے گھر میں تبدیلی نہیں لا سکا وہ ملک میں تبدیلی لانے کا جھوٹا دعویٰ کررہا ہے۔ جو شخص اپنے ذاتی مفادات کے لئے دوسروں کے گھروں پر نظر رکھتا ہوں خدا تعالی ان کا انجام بھی اس شخص کی طرح کرے گا، جس نے لندن میں بیٹھ کر روشنیوں کے شہر کو اندھیروں کی نظر کردیا۔

بلاول ہائوس کے ترجمان نے کہا کہ جس طریقے سے سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری آج اپنی تانگہ پارٹی بنا کر سندھ اور بلوچستان کے علیحدگی پسندوں سے اپنے لئے سیاسی مدد کی بھیک مانگ رہے ہیں بلکل اسی طرح سے عمران نیازی بھی سندھ کی وفاقی دھرتی پر علیحدگی پسندوں اور کرپٹ ٹھیکیداروں کے ساتھ مل کر بھٹو خاندان کو چیلنج کرنے کی ناکام کوشش کررہے ہیں جو اس صدی کا سب سے بڑا لطیفہ ہے۔ اعجاز درانی نے کہا کہ عمران نیازی کو خود بھی اس حقیقت کا احساس ہے کہ 2018 کے الیکشن میں ان کی جماعت کو عبرتناک شکست ملے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات