نواز شریف عدالتوں کی توہین نہیں عدالتوں سے محاذ آرائی اختیار کر رہے ہیں ،آصف علی زرداری

2018 میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی اور ہم ان سے سیاسی انتقام نہیں لیں گے بلکہ ن لیگ کے دور اقتدار کا حساب لیں گے، گفتگو

پیر 23 اکتوبر 2017 12:54

نواز شریف عدالتوں کی توہین نہیں عدالتوں سے محاذ آرائی اختیار کر رہے ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) سابق صدر مملکت اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ نواز شریف عدالتوں کی توہین نہیں بلکہ وہ عدالتوں سے محاذ آرائی اختیار کر رہے ہیں ،وفاقی حکومت نے سندھ میں نیب کو ہمارے خلاف استعمال کیا ،2018 میں پیپلز پارٹی حکومت بنائے گی اور ہم ان سے سیاسی انتقام نہیں لیں گے بلکہ ن لیگ کے دور اقتدار کا حساب لیں گے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر اور پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہاکہ مسلم لیگ(ن)کی اقتصادی پالیسی مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، پاکستانی روپے کی قدر کم ہو رہی ہے جبکہ زر مبادلہ کے ذخائر بھی ختم ہو رہے ہیں۔ اس وقت ہمیں افغانستان اور ایران کو سستی گندم اور چینی فراہم کرنی چاہئے اور زراعت کو فروغ دے کر ملکی زرعی مصنوعات کی برآمدات میں اضافہ کرنا چاہیے۔چین کے ساتھ سی پیک پر کام ہو رہا ہے ہمیں چاہیے کہ چین کو ہم زرعی اجناس برآمد کریں ۔ آصف زرداری نے کہاکہ پاکستان ایک زرعی ملک ہے اور اس کا سارا انحصار آب پاشی پر ہے، ہمارے دور میں پانی کی اتنی قلت نہیں تھی ، سردیوں میں پانی ذخیرہ نہ کر کے ہم بہت زیادہ ظلم کر رہے ہیں۔