سرکاری بوائز اینڈ گرلز سکولوں میں بیک وقت شجرکاری مہم شروع کی جائے گی‘میناخان آفریدی

پیر 23 اکتوبر 2017 11:31

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2017ء)سٹی ڈسٹرکٹ گورنمنٹ پشاور نے تمام سکولوں میں شجرکاری مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے تمام سکولوں کو تین دن میں شجرکاری مہم کیلئے مقررہ فوکل پرسن میناخان آفریدی کو ڈیمانڈ فراہم کرنے کی ہدایت کردی ۔

(جاری ہے)

ضلع ناظم کی خصوصی ہدایت پر شجرکاری مہم کیلئے مقررکیے گئے فوکل پرسن وڈسٹرکٹ ممبر میناخان آفریدی کی زیرصدارت اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈی ای او میل ‘ڈی ای او فی میل اور ضلع پشاور کے سکول پرنسپلزنے کثیرتعداد میں شرکت کی ‘ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ آئندہ ہفتے سے ضلع پشاور کے تمام سرکاری بوائز اینڈ گرلز سکولوں میں بیک وقت شجرکاری مہم شروع کی جائیگی جس کیلئے تمام سکول پرنسپلز کو 72گھنٹوں میں پودوں کی ڈیمانڈ فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی گئی اور ان کو تاکید کی گئی کہ پودوں کو لگانے کیلئے گڑھے اوردیگر انتظامات بھی تین دن میں مکمل کرلیے جائینگے تاکہ ان کو مطلوبہ مقدار میں پودے فراہم کرکے شجرکاری مہم کا باقاعدہ بیک وقت آغاز کیاجاسکے۔