میئر کراچی کی جانب سے دو ارب روپے کا مطالبہ سمجھ سے بالا تر ہے،سید ناصر حسین شاہ

شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے کراچی سرکلرریلوے منصوبے کا سنگ بنیاد دسمبر میں رکھا جائے گا ، صوبائی وزیر ٹرانسپورٹ کی میڈیا سے گفتگو

اتوار 22 اکتوبر 2017 23:20

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر اطلاعات ٹرانسپورٹ اور لیبر سید ناصر حسین شاہ نے کہا ہے کہ میئر کراچی کی جانب سے دیڑھ دو ارب روپے کا مطالبہ سمجھ سے بالا تر ہے سندھ حکومت بلدیہ کو ہر ماہ 25تا 30 کروڑ روپے فراہم کرتی ہے جبکہ چند ماہ قبل بھی بلدیہ عظمی کو ایک مرتبہ 70کروڑ روپے اور دوسری مرتبہ 60کروڑ روپے دئیے تھے فنڈ کی کمی رونا رونے کے بجائے کارکردگی دکھانے کی ضرورت ہے وہ بیچ لگثری ہوٹل میں چائنیز فوڈ فیسٹیول کے دورے کے موقع پر پر میڈیا سے بات چیت کررہے تھے اس موقع پر ہوٹل کے جنرل منیجر عظیم قریشی نے بھی میڈیا سے گفتگو کی ۔

سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہر کے حالات بہت بہتر ہے جس کی وجہ سے گزشتہ دنوں فٹبال کے بین الاقوامی کھلاڑیوں نے بھی پاکستان کا دورہ کیا اور اب نجم سیٹھی کو رحم آگیا ہے کہ وہ کراچی میں کرکٹ کا میچ کرانے کی بات کررہے ہیں ۔

(جاری ہے)

سیدناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہریوں کو ٹرانسپورٹ کی بہتر سہولت فراہم کرنے کے لیے کراچی سرکلرریلوے منصوبے کا سنگ بنیاد موجودہ سال دسمبر میں رکھ دیا جائے گا۔

یہ منصوبہ سی پیک میں شامل کیا جاچکا ہے اس کے علاوہ گرین لائن منصوبے کا افتتاح بھی دسمبر میں کردیا جائے گا اس سے قبل آئندہ ماہ نومبر میں شہر میں نئی بسیں چلتی ہوئی نظر آئیں گی ۔انہوں نے فوڈ فیسٹیول میں سجائے گئے کھانوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا بیچ لگثری ہوٹل نے چائنیز فوڈ فیسٹیول منعقد کر کے پاکستانی اور چینی بھائیوں کو ذائقے دار کھانے فراہم کیے ۔

انہوں نے کہا کہ چین میں ہمیشہ ہر سطح پر پاکستان کے ساتھ دوستی نبھائی ہے اور کڑے وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا ہے انہوں نے کہا کہ چین کے ساتھ دوستی کی بنیاد ذوالفقار علی بھٹو نے رکھی تھی جسے وقت کے ساتھ ساتھ شہید محترمہ بے نظیر بھٹو اور آصف علی زرداری نے اور مضبوط کیا ۔انہوں نے کہا کہ کراچی میں امن قائم ہوچکا ہے اور سرمایہ کاری کرنے والے چین کے سرمایہ کاروں کو بھرپور سیکورٹی فراہم کی جارہی ہے ۔

اس موقع پر ہوٹل کے جنرل منیجر عظیم قریشی نے ناصر حسین شاہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ بیچ لگثری ہوٹل کی جانب سے فوڈ فیسٹول کا انعقاد جاری رہے گا اور ہم عنقریب سی فوڈ فیسٹول بھی منعقد کرے گے ۔انہوں نے کہا کہ چائنیز فوڈ فیسٹول میں پاکستانی اور چائنیز لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔اس فوڈ فیسٹول کی خاص بات یہ ہے کہ ہم نے چین کے تمام صوبوں کی مختلف ڈشیزمتعارف کرائی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :