جے یو پی کے سربراہ صاحبزادہ زبیر اور جے یو آئی کے امیر مولانا سمیع الحق کی ملاقات ، بڑا اتحاد تشکیل دینے پر اتفاق

نظام مصطفیﷺ کے نفاذ پر یقین رکھنے والی دینی اور سیاسی جماعتوں کواتحاد میں شامل کیا جائے اور سیکولر لبرل عناصر کے خلاف ملکر الیکشن لڑا جائیگا

اتوار 22 اکتوبر 2017 22:10

حیدرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء) جمعیت علماء پاکستان (نورانی)و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر کی جے یو آئی (س) کے امیرمولانا سمیع الحق سے ملاقات دونوں رہنمائوں نے بڑا اتحاد تشکیل دینے پر اتفاق کیا، نظام مصطفیﷺ کے نفاذ پر یقین رکھنے والی دینی اور سیاسی جماعتوں کواتحاد میں شامل کیا جائے اور سیکولر لبرل عناصر کے خلاف ملکر الیکشن لڑا جائے۔

(جاری ہے)

جے یو پی (نورانی) و ملی یکجہتی کونسل کے سربراہ ڈاکٹر صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے جے یو آئی (س) کے امیرمولانا سمیع الحق سے ملاقات کی، اس موقع پر پیر ناصر جمیل ہاشمی ،عبدالرحمن مکی ،شیخ محمد یعقوب ،عبدالحمید بھی موجود تھے، ملاقات میں متحدہ مجلس عمل کی بحال کے سلسلے میں غوروخوض ہوا،صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے کہا کہ ملی یکجہتی کونسل کے اجلاس میں کونسل میں شامل بہت سی جماعتوں نے کہا کہ وہ بھی الیکشن میں حصہ لیں گی لہذا اگر تمام مذہبی جماعتوں کا اتحاد بنایا جائے تو یہ زیادہ مفید ثابت ہوگا،مولانا سمیع الحق نے کہا کہ دفاع پاکستان کونسل میں شامل جماعتیں پہلے ہی الیکشن میں حصہ لینے کا اعلان کرچکی ہیں، دونوں قائدین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ ایک بڑا اتحاد تشکیل دیا جائے جس میں نظام مصطفیﷺ کے نفاذ پر یقین رکھنے والی دینی اور سیاسی جماعتوں کو شامل کیا جائے اور سیکولر لبرل عناصر کے خلاف ملکر الیکشن لڑا جائے۔

متعلقہ عنوان :