ڈاکٹر فاروق ستار کی پریس کانفرنس میں کئی واقعوں پر ایسا محسوس ہوا کہ ایم کیوایم نے پارلیمانی نظام سے علیحدہ ہونے کا فیصلہ کرلیا

پریس کانفرنس میں نہ صرف ایم کیوایم پاکستان کا اتحاد نمایاں طور پر نظر آیا بلکہ چہ میگوئیاں اورتذبذب کی صورتحال کا خاتمہ بھی ہوگیا

اتوار 22 اکتوبر 2017 21:51

؂کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے زیر اہتمام عارضی مرکز بہادرآباد سے متصل پارک میں پرہجوم پریس کانفرنس کے دوران کئی مواقعوں پر ایسا محسوس ہورہا تھا کہ ایم کیوایم پاکستان نے اپنے آپ کو پارلیمانی نظام سے علیحدہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے لیکن پھر بھی کمال تدبر اور متانت کے ساتھ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے تمام مسائل کا نہ صرف احاطہ کیا بلکہ انتہائی اختصار کے ساتھ اپنا پیغام پاکستان کے ارباب اقتدار اور عوام تک پہنچایا کہ ہمیں مجبور نہیں کرو اور نہ ہی ہمیں دیوار سے لگانے کی کوشش کرو بصورت دیگر ہم سخت سے سخت فیصلے کرنے میں بھی لیت و لعل سے کام نہیں لیں گے ۔

صحافیوں کے تیز و تند سوالات کی جب بوچھاڑ ہوئی تو ڈاکٹر محمد فاروق ستار اور سینئر ڈپٹی کنوینر عامر خان نے انتہائی تحمل اور برداشت سے ان کے سوالات کے جوابا ت دیئے اور بین السطور اپنے پیغامات پاک سر زمین پارٹی اور سازشیں کرنے والوں تک پہنچا دیئے ، آج کی پریس کانفرنس کئی اعتبار سے منفرد تھی جس میں ایم کیوایم کے تمام پارلیمانی نمائندگاہ موجود تھے ۔

(جاری ہے)

کہا جاسکتا ہے کہ اس نمائندہ پریس کانفرنس کے توسط سے نہ صرف ایم کیوایم پاکستان کا اتحاد نمایاں طور پر نظر آیا بلکہ وہ چہ میگوئیاں اورتذبذب کی صورتحال کا خاتمہ ہوگیا جو بغیر کسی سبب کے ایم کیوایم پاکستان کے خلاف کی جارہی تھیں ۔