نواز شریف کی وکٹ گر گئی اب زرداری کی باری ہے،عمرا ن خان

نواز شریف اور آصف زرداری اور کرپشن ایک ہی ہیں پانامہ کی وجہ سے لوگوں کو سمجھ آئی ہے ملک میں کتنی کرپشن ہے ، نواز شریف اور آصف زرداری نے ملک کو لوٹا، ہم سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے، ملک کی تعلیم کا کل بجٹ ایک سنگاپور یونیورسٹی کے برابر ہے ایف بی آر اور نیب ٹھیک ہو جائیں تو ملک ٹھیک ہو جائے گا، سیہون شریف میں جلسے سے خطاب

اتوار 22 اکتوبر 2017 21:40

سیہون شریف (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2017ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے کہا ہے کہ پانامہ کیس کی وجہ سے لوگوں کو سمجھ آئی ہے کہ ملک میں کتنی کرپشن ہے ، نواز شریف اور آصف زرداری اور کرپشن ایک ہی ہیں۔ نواز شریف اور آصف زرداری نے ملک کو لوٹا، نواز شریف کی وکٹ گر گئی اب آصف علی زرداری کی باری ہے، ہم سندھ میں بھی حکومت بنائیں گے۔

ملک کی تعلیم کا کل بجٹ ایک سنگاپور یونیورسٹی کے برابر ہے۔ ایف بی آر اور نیب ٹھیک ہو جائیں تو ملک ٹھیک ہو جائے گا۔ اتوار کے روز سیہون شریف میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین عمران خان نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ میں 21سال سے لوگوں کو سمجھانے کی کوشش کر رہا تھا کہ جب تک اس ملک میں کرپشن ختم نہیں ہو گی یہ وہ ملک نہیں بنے گا جو بنا تھا۔

(جاری ہے)

پانامہ کی وجہ سے لوگوں کو سمجھ آئی کہ پاکستان میں کرپشن ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو سندھ م یں غربت دیکھی وہ ملک کے کسی دوسرے صوبے میں نہیں دیکھی، کرپشن اور زرداری ایک ہی چیز ہے، اقتدار میں آکر جو کوئی قوم کا پیسہ لوٹتا ہے اسے کرپشن کہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ایک دن کی کرپشن 12ارب ہے اور سال کی کرپشن 4000ارب ہے ۔ سندھ میں پینے کا پانی نہیں ، اچھے اساتذہ نہیں ہیں، سارے پاکستان کی تعلیم کا بجٹ ایک سنگاپور یونیورسٹی کے برابر ہے۔

کرپشن کی وجہ سے عوام کو ٹیکس دینا پڑتا ہے ۔ حکمران اگر کرپشن پر قابو پا لیتے تو قرضے نہ لینے پڑتے جب تک کرپشن ختم نہیں ہو گی ملک خوشحال نہیں ہو گا۔ ایف بی آر کے اندر سالانہ3500ارب کرپشن ہوتی ہے۔ ایف بی آر اور نیب ٹھیک ہو جائیں تو ہمارے پاس ملک چلانے کے لئے پیسہ ہو گا۔ انفراسٹرکچر اور اسپتال بنانے کے لئے پیسہ ہو گا اور لوگوں کو روزگار ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ روٹی کپڑا مکان کے نام پر لوگوں کو بے وقوف بنایا گیا۔ نواز شریف کہتے تھے کہ ملک کو ایشین ٹائیگر بنا دیا، نواز شریف کا خاندان امیر ترین ہو گیا۔ ملک پیچھے چلا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا پیسہ منی لانڈرنگ کے ذریعے باہر جاتا ہے، اقامہ منی لانڈرنگ کا ذریعہ ہے۔ ہر سال پاکستان میں 10ارب روپے منی لانڈرنگ ہوتی ہے جس سے ملک میں تباہی آتی ہے ۔

اگر یہ ملک پر خرچ ہو تو سڑکیں نہیں، نوجوانوں کو روزگار ملے گا، منی لانڈرنگ کی وجہ سے ہمیں آئی ایم ایف سے قرضہ لینا پڑتا ہے جو عوام کو واپس ٹیکس کی صورت میں دینا پڑتا ہے ، ٹیکس کی وجہ سے مہنگائی بڑھتی ہے ، آج ہماری درآمدات کم ہو گئیں ہیں، فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔ نواز شریف اور زرداری نے ملک کو مقروض بنا دیا ہے۔

آج ہر پاکستانی ایک لاکھ25ہزار روپے کا مقروض ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے کرپٹ مافیا کا مقابلہ کرنا ہے۔ ایک وکٹ گر گئی، اب آصف علی زرداری کی باری ہے، آصف زرداری اور فریال تالپور نے میرے خلاف ہرجانے کا دعویٰ کیا کیونکہ میں نے ان کی کرپشن بے نقاب کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے کہا کہ بھٹو فیملی بھی کہتی ہے کہ مرتضیٰ بھٹو کو آصف زرداری نے قتل کرایا تھا، سندھ حکومت سیاسی مقاصد کے لئے پولیس کو استعمال کرتی ہے، ہم سندھ میں اگلا الیکشن جیتیں گے۔

ہم سندھ میں پولیس کو ٹھیک کریں گے، ہم نے کے پی کے میں پولیس کو ٹھیک کیا ہے، عزیر بلوچ نے جے آئی ٹی کو بتایا ہے کہ لوگوں کو آصف زرداری کے کہنے پر قتل کیا، عزیر بلوچ جے آئی ٹی رپورٹ پبلک کی جائے۔ عزیر بلوچ نے 14شوگر ملوں پر قبضہ کر کے آصف زرداری کو دلوانے کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آصف زرداری سینما میں ٹکٹ بلیک کرتا تھا، منی لانڈرنگ کے ذریعے پیسہ باہر لیکر گیا۔۔