ختم نبوتؐ کا عقیدہ ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے، رانا ثناء الله

م نبوت پر ایمان نہ رکھنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے،م لیگ ( ن ) کی حکومت ختم نبوت کے عقیدے پر غیر متزلزل ایمان رکھتی ہے،صوبائی وزیرقانو ن کا سیمینار سے خطاب

اتوار 22 اکتوبر 2017 21:40

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں نے ایک بار پھر کہا ہے کہ ختم نبوتؐ کا عقیدہ ہمارے ایمان کا بنیادی جزو ہے اور ختم نبوت پر ایمان نہ رکھنے والا دائرہ اسلام سے خارج ہے ۔ آئین پاکستان نے بھی ختم نبوت کے عقیدے کی توثیق کی ہے اور پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت ختم نبوت کے عقیدے پر غیر متزلزل ایمان رکھتی ہے ۔

عقیدہ ختم نبوتؐ پر سیاست سے گریز کرنا چاہئے بلکہ کوشش کی جائے کہ اس نازک مسئلہ پر جید علما کرام کے علاوہ دیگر گفتگو سے اجتناب کریں ۔ انہوںنے یہ بات مقامی ہوٹل میںکل جماعتی تحفظ ختم نبوتؐ سیمینار سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ناظم اعلی وفاق المدارس سلفیہ پاکستان مولانا یاسین ظفر ‘ مہتم جامعہ اسلامیہ محمدیہ شیخ الحدیث مولانا عبدالرزاق ‘ نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث مولانا یوسف انور ‘ مرکزی رہنما جمعیت علماء پاکستان علامہ ریاض کھرل ‘ پیر فیض رسول حیدر رضوی ( جامع مسجد سنی )‘ صدر پاکستان علما کونسل پنجاب حافظ محمد امجد ‘ تحریک اہلسنت پاکستان مفتی محمد یونس ‘ وائس چیئرمین پاکستان علماء کونسل حافظ محمد شعبان صدیقی ‘ امیر انٹرنیشنل ختم نبوت موومنٹ مولانا عبدالواحد ‘ حافظ طیب قاسمی ‘ مولانا زکریا صدیقی ‘ ڈاکٹر ممتاز حسین ‘ڈاکٹر افتخار نقوی ‘ مولانا عمر قاسمی و دیگر علماء کرام بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ پر صحیح عقیدہ ہر مسلمان کا کامل ایمان ہے اور اس سے روگردانی نہیں کی جا سکتی۔انہوں نے کہا کہ حلف نامہ میں اس حوالے سے بعض تبدیلیوں کی نشاندہی کے بعد فوری ایکشن لیا گیا اور عقیدہ ختم نبوت کے بارے میں حلف نامہ کو اسی حالت میں بحال کیا گیا ہے ۔ انہوں نے عشرہ محرم کے موقع پر فرقہ وارانہ ہم آہنگی کی مثالی فضاء قائم و دائم رکھنے کے سلسلے میں علماء کرام کی مثالی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ علماء کرام معاشرے کا انتہائی معزز اور معتبر طبقہ ہے جنکی معاونت اور مشاورت کو کبھی نظر انداز نہیںکیا جا سکتا ۔

صوبائی وزیر قانون نے کہا کہ کل جماعتی مجلس مشاورت میں انکی شرکت باعث سعادت ہے اور ختم نبوت کانفرنس کے انعقاد سے حضور اکرم صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے آخری نبی ؐ ہونے سے متعلق عقیدے کو جامع اور بہترین انداز میں اجاگر کیا گیاہے ۔ انہوں نے علماء کرام کی طرف سے پیش کی گئی قرار داد کی مکمل تائید کی اور یقین دلایا کہ پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کی حکومت اور اعلی قیادت اس پر عملدرآمد کے لئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی اور علماء کرام کی رہنمائی کو ہمیشہ مقدم رکھیں گے ۔

انہوںنے ختم نبوتؐ سیمینار میں مدعو کرنے پر علماء کرام کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ حلف نامہ میں تبدیلی سے متعلق تحقیقات جاری ہیں لیکن الله کے فضل سے آپ جیسے محافظ دین جید علماء کرام کی موجودگی میںکوئی ایسی جرات نہیں کر سکتا ۔ انہوں نے کل جماعتی ختم نبوتؐ سیمینار منعقد کرنے پر منتظمین کو پاکستان مسلم لیگ ( ن ) کے صدر محمد نواز شریف ‘ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف اور اپنی طرف سے مبارکباد دی اور کہا کہ معاشرے کی اصلاح اورصحیح سمت رہنمائی کے لئے علماء کرام کی خدمات ناگزیر ہیں اور انکے تعاون سے ہی صوبہ پنجاب میں مذہبی ہم آہنگی کی فضا مثالی ہے۔

نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان مولانا محمد یوسف انور نے حکومت سے تمام کلیدی عہدوں سے قادیانیوں کو ہٹانے ‘ حلف نامے میں تبدیلی کے بارے میں انکوائری رپورٹ قوم کے سامنے لانے کی قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ آئین پاکستان کے مطابق قادیانی غیر مسلم ہیں اور اسلام اور پاکستان کے خلاف کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبائی وزیر قانون نے اپنے بیان کو توڑ موڑ کر پیش کرنے سے متعلق واضح وضاحت کی ہے لیکن چند نادان خفتیں مٹانے کے لئے عقیدہ ختم نبوتؐ کی آڑ میں سیاسی مقاصد حاصل کرنے میں مصروف ہیں جنہیں اس فعل سے گریز کرنا چاہئے ۔

ناظم اعلی وفاق المدارس سلفیہ مولانا یاسین ظفر نے کل جماعتی ختم نبوت سیمینار کے انعقاد کو خوش آئند اقدام قرار دیا اور کہا کہ ختم نبوتؐ حساس معاملہ ہے لہذا علم رکھنے والوں کو ہی اس پر گفتگو کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس کے انعقاد سے یکجہتی کایہ پیغام واضح ہوا ہے کہ عقیدہ ختم نبوتؐ پرکوئی دو رائے نہیں ۔ صاحبزادہ فیض رسول حیدر رضوی ‘ مولانا عبدالرزاق ‘ علامہ ریاض کھرل ‘ مفتی محمد یونس و دیگر علماء کرام نے کہا کہ عقیدہ ختم نبوتؐ پر ایمان نہ رکھنے والا مسلمان کہلانے کا حقدار نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ یہ بات آئین و قانون میں موجود ہے لیکن عقیدہ ختم نبوتؐ ہمارے دلوں ‘ ذہنوں میں نقش ہے ۔ صدر پاکستان علماء کونسل حافظ محمد امجد نے کل جماعتی مجلس مشاورت کے انعقاد کے اغراض و مقاصد پر روشنی ڈالی ۔ انہوں نے سیمینار میں خصوصی شرکت پر صوبائی وزیر قانون رانا ثناء الله خاں کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پرملک و قوم کی ترقی و خوشحالی ‘ امن و سلامتی اور الله اور اس کے رسول صلی الله علیہ وآلہ وسلم کے ارشادات پر عمل پیرا ہونے کی خصوصی دعا کی گئی۔