ملک دشمن قوتیں معاشی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہیں،ایم ساجد عباسی

اپوزیشن جتنی مرضی سازشیں کرلے کامیابیاں ہمیشہ ہی مسلم لیگ(ن) کا مقدر بنتی رہیں گی،چیئرمین اسلام آباد

اتوار 22 اکتوبر 2017 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) پاکستان مسلم لیگ(ن)اسلام آبادسٹی کے جنرل سیکرٹری و چیئرمین ایم ساجد عباسی نے اپنے جاری بیان میں کہاہے کہ ملک دشمن قوتیں ملک میں انتشار پھیلاکر معاشی عدم استحکام پید اکرناچاہتی ہیں،قومی ،آئینی اداروں کو دھرنے والوں سے خطرہ ہے،ملکی ترقی کے خلاف سازشیں کرنے والے عوام کے دلوں سے اتر چکے ہیں، عمران خان اوران کے حواریوں کو مسلم لیگ(ن) کی حکومت کی کامیابی ہضم نہیں ہورہی ،اپوزیشن جتنی مرضی سازشیں کرلے کامیابیاں ہمیشہ ہی مسلم لیگ(ن) کا مقدر بنتی رہیں گی۔

انہوں نے کہاکہ ملک و قوم کی ترقی وخوشحالی اور عوام کا معیارزندگی بلندکرنا مسلم لیگ(ن) کا ایجنڈا ہے،مسلم لیگ(ن) کی حکومت معاشی اور اقتصادی استحکام کے ایجنڈے پر کامیابی سے عمل پیرا ہے،ورثے میں ملے ہوئے مسائل اور بحرانوں سے جس طرح مسلم لیگ(ن) کی حکومت نبردآزما ہوئی وہ سب کے سامنے ہیں اورسی پیک سمیت دیگر ترقیاتی منصوبے مسلم لیگ(ن) کی حکومت کے سنہری کارنامے ہیں۔

(جاری ہے)

مسلم لیگی رہنما ایم ساجد عباسی نے کہاکہ دنیا کی کوئی طاقت میاں نوازشریف کو عوام کے دِلوں سے نہیں نکال سکتی اورقائد میاں نوازشریف اور ان کی قیادت پر مکمل اعتماد کااظہار کرتے ہیں،سپریم کورٹ کے فیصلے کے باوجود میاں نوازشریف کی بڑھتی ہوئی مقبولیت نے ا ن کے سیاسی مخالفین کی نیندیں حرام کردی ہیں انہیںاپناسیاسی مستقبل خطر ے میں نظر آ رہا ہے ،آئندہ 2018ء کے انتخابات میں دھرنے والوں کو ناکامی کے سوا کچھ نہیں ملے گا۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) کی حکومت نے پی ٹی آئی کی رکاوٹوںکے باوجود تمام وسائل کو بہترین طریقے سے بروئے کارلاکر عوامی بہبودکے بیشمار منصوبے مکمل کئے،دوسری طرف پی ٹی آئی اور دیگر حکومت مخالف جماعتیں کھوکھلے نعرے لگا کر عوام کوورغلا رہے ہیں،قائد میاں نوازشریف کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والی2018ء کے الیکشن میں شکست سے دوچار ہونگے۔

متعلقہ عنوان :