شریف خاندان میں اختلافات کی باتیں کرنیوالے احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں،ملک سجاد

پارٹی میں دھڑے بندی نہیں محض پروپیگنڈا کیا جا رہا ہے، چیئرمین

اتوار 22 اکتوبر 2017 21:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء)پاکستان مسلم لیگ(ن)کے رہنما ویوسی 34 اسلام آبادسے چیئرمین ملک سجا د نے کہاہے کہ ساری قوم میاں نوازشریف کے ترقی و خوشحالی کے ایجنڈے کے ساتھ کھڑی ہے،2018ء کاسال بھی مسلم لیگ(ن) کیلئے بھرپور عوامی تائید اور الیکشن میں کامیابی کا سال ہوگا، بعض عناصر پیالی میں طوفان برپا کرنے کے خواہش مند ہیں لیکن سیاسی انتشار پھیلانے کی سازشیں کرنے والے ناکام ہونگے ، اب جو لوگ شریف خاندان میں اختلافات کی باتیں کررہے ہیں وہ احمقوں کی جنت میں رہتے ہیں، پارٹی میں تقسیم کاسوال ہی پیدانہیںہوتا۔

انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ(ن) اداروں کے درمیان ٹکرائو پر یقین نہیں رکھتی، فوج جمہوری عمل پر یقین رکھتی ہے، اس وقت سی پیک کے علاوہ بجلی لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے بڑے منصوبے تکمیل کے قریب ہیں،لہذا اپوزیشن جماعتوں کوواویلا کرنے کی بجائے آئینی اصلاحات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے تاکہ آنے والے انتخابات شفاف ترین ہوسکیں، انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ تمام تر خدشات کے باوجود جمہوریت آگے بڑھے گی کیونکہ پاکستان کا مستقبل جمہوریت میں ہے۔

(جاری ہے)

۔مسلم لیگی رہنماملک سجاد نے کہاکہ اختلاف رائے جمہوریت کا حسن ہے اور ہر جمہوری پارٹی میں اختلاف رائے ہوتا ہے مگر اس کا یہ مطلب ہر گز نہیں کہ پاکستان مسلم لیگ(ن) میں کسی قسم کی کوئی دھڑے بندی ہے یہ محض مسلم لیگ(ن) کے خلاف پروپیگنڈا ہے، مسلم لیگ(ن) ملک کی واحد جماعت ہے جو ملک کو مسائل سے نکال کر ترقی و خوشحالی کی جانب گامزن کررہی ہے، حکومت اور اداروں کے درمیان ٹکرائو نہیں ہوگا،محاذ آرائی صرف میڈیا پر ہی نظر آرہی ہے،عمران خا ن ایک غیر سنجیدہ سیاستدان ہے عوام اس کے روئیے اورانتشار کی سیاست سے تنگ آ چکے ہیں،یوٹرن خان کاکوئی سیاسی مستقبل نہیں،آئندہ انتخابات میں بھی پاکستان مسلم لیگ کامیابی حاصل کرے گی۔