خضدار، موجودہ حکومت عوامی خدمت اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کا جو عملی نمونہ پیش کیا ہے، آغا شکیل احمددرانی

اتوار 22 اکتوبر 2017 21:11

خضدار(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاہے کہ موجودہ حکومت عوامی خدمت اور عوام کے اعتماد کو بحال کرنے کا جو عملی نمونہ پیش کیا ہے،اسی کار کردگی اور کردار کی بدولت 2018کے الیکشن میں جائیں گے ۔ موجودہ حکومت سے ایسا کوئی شعبہ نہیں بچا کہ جس پر اس نے کام نہیں کیا ہو، الغرض عوام سے وابستہ تمام شعبوں پرمنصوبے بنا کر موجودہ دورِ حکومت میں کام کیئے گئے ، اجتماعی منصوبوںپر کام کا یہ سلسلہ یوں ہی چلتا رہیگا، تحصیل کرخ کے بعد تحصیل مولہ کے لئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے بجلی کی منظوری دی ہے مولہ کے عوام کو بجلی کی سہولت ملنے سے ان کا دیرینہ بنیادی مسئلہ حل ہوجائیگا۔

اتوار کو ان خیالات کا اظہار انہوںنے پارٹی ورکرز سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنماء سردار عزیز محمدعمرانی ، بشیراحمد جتک ، محمد صالح جاموٹ ،نصیراحمد موسیانی ،عید محمد ایڈوکیٹ ، نصراللہ شاہوانی ، شاہجہان عمرانی ، میر عبدالوہاب عمرانی ،عبیداللہ قمبرانی ودیگر بھی موجود تھے ۔ ڈسٹرکٹ چیئرمین خضدار آغا شکیل احمددرانی نے کہاکہ تعلیم ، ہیلتھ ، بجلی ،پینے کے صاف پانی کی فراہمی ، سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر شعبوں پر وسیع پیمانے پر اقدامات کئے گئے ۔

اس ترقیاتی عمل میں شہر اور دیہی علاقوں میں برابری کی بنیاد پر کام کیئے گئے ،تعلیمی اداروں کا قیام جس انداز میں موجودہ حکومت میں عمل میں لایا گیا اس کی مثال ماضی کے ادوار میں کم ملتی ہے پرائمری اسکولز سے لیکر کالج یونیورسٹی تک تعلیمی ادارے قائم کیئے گئے ۔ بہت سارے شہروں میں بجلی بھی فراہم کی گئی ۔ کرخ کو بجلی فراہم کی گئی اور اس کے بعد تحصیل مولہ میں بجلی منصوبے کی منظوری دیدی گئی ہے ۔

شہر سے دور دراز علاقوں میں بجلی منصوبے کی فراہمی موجودہ حکومت کے قابل و احسن اقدامات میں سے ہیں جس کا فائدہ عوام کو بھر پور اندا زمیں ملے گا انہوںنے کہاکہ قبل ازیوں کروڑوں روپے کی خطیر رقم سے تحصیل مولہ کے عوام کو شمسی توانائی کے ذریعے بھی روشنی فراہم کی گئی ۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کی سرپرستی میں عوامی خدمت کا یہ سلسلہ اسی طرح جاری رہیگا اور آئندہ انتخابات میں بھی کار کردگی کی بنیاد پر حصہ لیں گے ۔