پاکستان رینجرز اور سی ٹی ڈٰ ی کی مشترکہ کارروائی‘ 8 دہشت گرد ہلاک

اتوار 22 اکتوبر 2017 21:00

کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) کراچی کے علاقے بلدیہ میں رینجرز اورمحکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) کی کارروائی کے دوران کالعدم انصارالشریعہ کے امیر سمیت 8 دہشت گرد مارے گئے۔ترجمان رینجرز کے مطابق کالعدم انصارالشریعہ کے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاعات پر بلدیہ ٹاون کے علاقے رئیس گوٹھ میں سی ٹی ڈی اور رینجرز نے گزشتہ رات 11 بجے مشترکہ کارروائی کی۔

(جاری ہے)

کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سیکورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کر دی ، دو طرفہ فائرنگ کے تبادلے میں 5 دہشت گرد موقع پر ہلاک اور 3 زخمی ہوگئے جنہیں حراست میں لے لیا گیا۔ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ زخمی دہشت گردوں کو اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔رینجرز کے ترجمان کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں شہریار عرف ڈاکٹر عبداللہ ہاشمی بھی شامل ہے جو کالعدم انصارالشریعہ کا امیر اور دہشت گرد حملوں کا ماسٹر مائنڈ تھا۔ترجمان رینجرز کے مطابق ایک اور ہلاک دہشت گرد کی شناخت ارسلان بیگ کے نام سے ہوئی ہے جو کالعدم انصارالشریعہ کی ٹارگٹ کلنگ ٹیم کا حصہ تھا۔