گوجرخان، چک بال کے مقابلے گورنمنٹ ہائی سکول بھڈانہ میں اختتام پذیر ہوگئے

اتوار 22 اکتوبر 2017 21:00

گوجرخان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) ڈسٹرکٹ چک بال ایسوسی ایشن کے زیر اہتمام چک بال کے مقابلے گورنمنٹ ہائی سکول بھڈانہ میں اختتام پذیر ہوگئے۔چک بال کا فائنل میچ گورنمنٹ ہائی سکول بھڈانہ اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول بیول کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا ۔ انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد گورنمنٹ ہائیر سکینڈری سکول بیول کی ٹیم فاتح قرار پائی۔

اس طرح پہلا انعام بیول ، دوسرا انعام بھڈانہ اور تیسرا انعام گورنمنٹ ہائی سکول سموٹ کی ٹیم نے حاصل کیا۔فائنل میچ دیکھنے اور تقریب تقسیم انعامات کے لئے مدعو کئے گئے مہمان خصوصی چوہدری خالد محمود آف بھڈانہ ، چوہدری طارق قدیر آف بھٹیاں (اینڈ فرانس) اور راجہ عبدالجباربھٹی منیجرنیشنل بنک بیول کا کھلاڑیوں سے تعارف کرایا گیا ۔

(جاری ہے)

مختصر وقت اور محدود جگہ پر کھیلی جانے والی اس دلچسپ اور پُر امن گیم کو ناظرین نے بہت پسند کیا۔

چک بال ایسوسی ایشن ضلع راولپنڈی کے جنرل سیکریٹری سردارمحمود چوہدری نے ناظرین کی دلچسپی کے لئے گیم کے اصول و ضوابط اور طریقہ کار کی وضاحت کی۔ کھیل کے ساتھ ساتھ رننگ کمینٹری کا بھی انتظام کیا گیا تھا۔ سردار محمود چوہدری نے بتایا کہ راولپنڈی تعلیمی بورڈ کی لسٹ میں اس گیم کو بھی شامل کر لیا گیا ہے ۔ انشا اللہ آئندہ اس کے مقابلے ڈسٹرکٹ ہیڈ ماسٹر ایسوسی ایشن ضلع راولپنڈی اور بورڈ کی سطح پر بھی منعقد ہوں گے۔