اسرائیل میں عربوں کو دھمکانے والے 15 انتہا پسند یہودی گرفتار

گرفتار افراد میں دائیں بازو کی انتہا پسند تنظیم لیہاوا کا ربی رہنما بینزی گوپسٹین بھی شامل

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:41

مقبوضہ بیت المقدس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء) اسرائیلی پولیس نے عربوں کو دھمکانے والے دائیں بازو کی انتہا پسند تنظیم کے رہنما سمیت 15 یہودیوں کو گرفتار کر لیا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی پولیس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ عرب باشندوں کو ڈرانے اور دھمکانے میں ملوث افراد کی گرفتاریوں کیلئے یروشلم، شمالی و جنوبی اسرائیل اور مغربی کنارے کی یہودی بستیوں میں چھاپے مارے گئے۔

اسرائیلی فوج کی جانب سے مختلف اوقات کے دوران کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 15 انتہا پسند یہودیوں کو گرفتار کیا گیا۔گرفتار افراد میں دائیں بازو کی انتہا پسند تنظیم لیہاوا کا ربی رہنما بینزی گوپسٹین بھی شامل ہے۔یاد رہے کہ پولیس نے 2015 میں بھی بینزی گوپسٹین کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ کی تھی۔

(جاری ہے)

گوپسٹین نے کہا تھا کہ اسرائیل میں چرچوں کو آگ لگانا جائز ہے کیوں کہ قدیم اسرائیل میں یہودیوں کو حکم تھا کہ وہ بت پرستی کے مراکز کو تباہ کر دیں۔

غیر ملکی میڈیا کے لئے اسرائیلی خبررساں یونٹ کے ترجمان کے مطابق گرفتار افراد کے گھر پر چھاپوں اور ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزمان یہودی لڑکیوں کے ساتھ تعلقات رکھنے والے عربوں کو ڈرانے میں ملوث ہیں۔رواں برس اپریل میں بھی عربوں پر تشدد کرنے والے اسرائیلی فوج کے دو اہلکاروں کو گرفتار کیا گیا تھا۔ان اہلکاروں نے چھ عرب باشندوں کو چھریوں، ڈنڈوں اور سریوں سے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔

متعلقہ عنوان :