تین روزہ ڈی پی ایس ورلڈکامیابی کے ساتھ اختتام پذیر، ایک ارب سے زائد کے تجارتی سودے

نمائش میں 10ہزار کے قریب افراد کی شرکت، سرمایہ کاروں اور بزنس کمیونٹی کی جدید مشینری اور ٹیکنالوجی میں دلچسپی

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:41

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء) تین روزہ عالمی ڈی پی ایس ڈیجیٹل پرنٹنگ اینڈ سائن ایج ٹیکنالوجی نمائش کامیابی کے ساتھ ایکسپو سینٹر لاہور میں اختتام پذیر ہوگئی۔ فیکٹ ایگزیبیشنز پرائیویٹ لمیٹڈ کے تحت منعقدہ اس نمائش میں مقامی اور15 ممالک سے بین الاقوامی کمپنیوں نے شرکت کی جس میں ٹیکسٹائل، فیبرکس، گارمنٹس اور گرافکس میں پرنٹنگ کی جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے استعمال کے خواہش مند افراداور سرمایہ کاروں نے گہری دلچسپی لی۔

تین دنوں کے ودران نمائش میں تقریبا 10 ہزار افراد نے شرکت کی جن میں سرمایہ کار، بزنس کمیونٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شامل تھے۔ نمائش میں کپڑوں پرلیزر کٹنگ وکمپیوٹر پرنٹنگ، سائن ایج کٹنگ ایکوپمنٹ اور دیگر مشینری کی 100 سے زائد بی ٹو بی میٹنگز ہوئیں۔

(جاری ہے)

نمائش کے آخری دن میڈیا بریفنگ کے دوران چیف ایگزیکٹو آفیسر فیکٹ ایگزیبیشنز محمد سلیم خان تنولی نے صحافیوں کو بتایا کہ یہ تیسری سالانہ نمائش ہے جو پاکستان میں مقامی صنعت کے فروغ اورایکسپورٹس میں اضافے کے لیے بہت مددگار ثابت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں خصوصا خواتین کی گارمنٹس میں ڈیجیٹل پرنٹنگ کی ڈیمانڈ میں روز بہ روز اضافہ ہورہا ہے۔ اس ڈیمانڈ کو پورا کرنے کے لیے جدید ترین ٹیکنالوجی کی بہت ضرورت ہے۔ مقامی بزنس مین ایک خطیر رقم خرچ کر کے بیرون ممالک میں منعقد ہونے والی ایسی عالمی نمائشوں میں شرکت نہیں کر سکتے، اس لیے فیکٹ ایگزیبیشنز ان کی سہولت کے لیے عالمی کمپنیوں کو ہر سال جدید ترین ٹیکنالوجی کے ساتھ یہاں لاتی ہے تاکہ مقامی انڈسٹری، مینوفیکچررز اور دیگر کمپنیاں اس سے استفادہ حاصل کرسکیں۔

محمد سلیم خان تنولی نے بتایا کہ ڈی پی ایس ورلڈ نمائش کے تینوں دنوں کے دوران ایک ار ب روپے سے زائد کے بی ٹو بی سودے ہوئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ڈی پی ایس نمائش پاکستان میں اپنی نوعیت کی واحد نمائش ہے ۔ اس میں شریک اٹلی، چین، جاپان، جرمنی، آسٹریا، برطانیہ اور امریکہ کی کمپنیوں نے اگلے سال کی نمائش میں ابھی سے اسٹالز بک کرلیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہاں نمائش میں شریک غیر ملکی کمپنیوں کے نمائندے بہت مطمئن ہیں اور وہ اپنے ملکوں میں واپس جا کر پاکستان کی مثبت ساکھ کو دنیا میں فروغ دیں گے۔

یہاں آنے سے قبل انہوں نے میڈیا کے ذریعے پاکستان کے بارے میں کافی مختلف چیزیں سن رکھی تھیں لیکن یہاں پہنچ کر ان سب کی نفی ہو گئی۔ ہماری یہاں نمائش منعقد کرنے کا ایک بڑا مقصد پاکستان کا مثبت چہرا دنیا کے سامنے پیش کرنا بھی ہے

متعلقہ عنوان :