چانڈکا میڈیکل کالج اور بی بی آصفہ ڈینٹل کالج کیلئے این ٹی ایس کے زیر اہتمام 4718 طلبہ و طالبات سے انٹری ٹیسٹ لیا گیا

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:40

لاڑکانہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء) شہید محترمہ بینظیر بھٹو میڈیکل یونیورسٹی کی زیر نگرانی لاڑکانہ کے چانڈکا میڈیکل کالج اور بی بی آصفہ ڈینٹل کالج کی 250 سیٹوں پر داخلوں کے لیے این ٹی ایس کے زیر اہتمام 4718 طلبہ و طالبات سے انٹری ٹیسٹ لی گئی جن میں 2086 طلبہ اور 2632 طالبات شامل تھے۔ انٹری ٹیسٹ کے لیے پولیس ٹریننگ اسکول میں پنڈال لگایا گیا جہاں پر امیدواروں کے لیے پانی اور دیگر سہولیات فراہم کرنے کے حوالے سے انتظامات بھی کیے گئے تھے جبکہ شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے زیر نگرانی چانڈکا میڈیکل کالج اور بی بی آصفہ ڈینٹل کالج میں داخلے کے لیے انٹری ٹیسٹ کے موقع پر سینٹر میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے جبکہ سکیورٹی کے انتظامات سخت کرتے ہوئے پولیس اور رینجرس اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

دوران ٹیسٹ چانڈکا میڈیکل کالج کے پرنسپال پروفیسر کے داس، ڈائریکٹر ایڈمیشن پروفیسر ریاض احمد شیخ، پرنسپل بی بی آصفہ ڈینٹل کالج ڈاکٹر محمد الیاس شیخ، وائس پرنسپل چانڈکا میڈیکل کالج محمد حنیف شیخ، ڈائریکٹر فارمیسی پروفیسر عبدالرؤف خاصخیلی، پروفیسر اکبر علی سومرو، میڈیا کوآرڈینیٹر عبدالصمد بھٹی اور دیگر نے ٹیسٹ سینٹر کا دورہ کرتے ہوئے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دوسری جانب ٹیسٹ کے دوران 300 سے زائد طلبہ و طالبات کے لیے چیئر اور دیگر انتظامات نہ کرنے کے باعث انہیں زمین پر بٹھاکر ٹیسٹ لی گئی جس کے باعث طلبہ و طالبات کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔