عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ایک بار پھر حکومت بنائے گی‘میاں امتیاز احمد

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:40

رحیم یار خان ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی میاں امتیازاحمد نے کہا ہے کہ ملکی تعمیروترقی اور خوشحالی کیلئے محمد نواز شریف کی خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں ہیں‘ 2018ء کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر ملک بھر میں ایک بار پھر حکومت بنائے گی‘ملک کی ترقی کے دشمن محمدنواز شریف کی مقبولیت سے خائف ہوکر اوچھے ہتھکنڈوں پر اتر آئے ہیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے دستگیر کالونی نمبر2‘ نیازی کالونی‘ رحمت کالونی اور محلہ بلوچاں رحیم یار خان میں تقریباً5کروڑ روپے کی لاگت سے سوئی گیس اور سیوریج لائنوں کی تنصیب کا منصوبہ مکمل ہونے پر افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ میاں امتیازاحمد نے کہا کہ شہر بھر میں وارڈز کی سطح پر تعمیروترقی کا عمل جاری ہے‘ بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے گلی محلے کی سطح پر ٹف ٹائل‘ سیوریج سمیت دیگر ترقیاتی کاموں کا جال بچھایا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہباز شریف نے شہر میں گلی محلے کی سطح پر ترقیاتی کاموں کیلئے مزید 33 کروڑ روپے کے فنڈز کا اعلان کیا ہے ۔ انشاء اللہ یہ خطیر رقم بھی آپ کے منتخب کردہ بلدیاتی نمائندوں کی تجویز کردہ سکیموں پر خرچ کی جائے گی جس سے شہر میں تعمیروترقی اور صحت وصفائی کا معیار مزید بہتر ہوگا۔میاں امتیازاحمد نے کہا کہ ہم نے ہمیشہ عملی خدمت کو اپنا شعار بنایا ہے یہی وجہ ہے کہ 2018ء میں جب عوام کی عدالت میں پیش ہوں گے تو انشاء اللہ عوام کی عدالت سے سرخرو ہوں گے۔

متعلقہ عنوان :