تین روزہ امراض چشم فری میڈیکل کیمپ اختتام پذیر، ماہر ین امراض چشم نے پانچ ہزار سے زائد مریضوں کا معائینہ کیا، مفت ادویات تقسیم کی گئیں جبکہ دو سو پچاس مریضوں کا مفت آپریشن کیا گیا ،عوامی حلقوں کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا خیر مقدم

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:31

خضدار ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ عوام کے لئے فری کیمپ کا انعقاد قابل تعریف ہے ،فری میڈیکل کیمپ سے خضدار کے ہزاروں لوگ مستفید ہو گئے ہیں اس کیمپ کے انعقاد پر میں تمام متعلقہ ڈاکٹروں کا مشکور ہوں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے خضدار میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا،تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ لیپروسی کنٹرولر ضلع خضدار کے زیر اہتمام تین روزہ امراض چشم فری میڈیکل کیمپ تین دن جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ،کیمپ کے دوران ماہر ین امراض چشم نے ٹوٹل پانچ ہزار سے زائد مریضوں کا معائینہ کیا اور مفت ادویات تقسیم کی گئیں جبکہ دو سو پچاس مریضوں کا مفت آپریشن کیا گیا اور ان کے آنکھوں میں مفت لائنز بھی ڈالی گئی عوامی حلقوں کی جانب سے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا خیر مقدم کیا گیا ،میڈیکل کیمپ میں کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں سے آئے ہوئے ماہرین امراض چشم ڈاکٹر چاکر خان بلوچ ،ڈاکٹر محمد علی بلوچ ،ڈاکٹر حماد زہری ،ڈاکٹر محفوظ الاسلام ،ڈسٹرکٹ لیپروسی کنٹرولر خضدار کے زمہ داران ڈاکٹر محمد صدیق زہری سمیت دیگر نے خضدار شہر ،باغبانہ ،کرخ ،زہری ،وڈھ ،نال ،سوراب ،مولہ ،سمیت ضلع کے دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے مریضوں کا مفت معائینہ کیا گیا اور ادویات فراہم کی گئی میڈیکل کیمپ کے حوالے سے ڈاکٹر محمدصدیق زہری نے تفصیلات دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کیمپ میں تین دن کے دوران کل 5822 مریضوں کا معائینہ کیا گیا اور انہیں مفت ادویات دی گئیں جبکہ 230 مریضوں کی سرجری کی گئی اور ان کے آنکھوں میں مفت لینسز بھی ڈالی گئی اس موقع پر خضدار کے دور دراز علاقوں سے آئے مریضوں نے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ خضدار میں اس طرح امراض چشم کے فری کیمپ کا انعقاد سے یہاں کے لوگوں کو بہت بڑی سہولت میسر آ گئی اور ہزاروں کی تعداد میں لوگ اس کیمپ سے مستفید ہو گئے اور سینکڑوں مستحق مریضوں کی آنکھوں کا مفت آپریشن ہوا اور ان میں بلا معاوضہ لینسز بھی ڈالے گئے انہوں نے ڈاکٹروں کے ٹیم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپیل کی ہے کہ ضلع خضدار میں اس طرح کے میڈیکل کیمپوں کی انعقاد کی ضرورت ہے اور ہم امید رکھتے ہیں کہ اس کا تسلسل اسی طرح جاری رہے گا دریں اثناء صوبائی وزیر خزانہ و زراعت سردار محمد اسلم بزنجو نے مقامی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے فری میڈیکل کیمپ کے انعقاد کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ فری میڈیکل کیمپ سے یہاں کے ہزاروں لوگ مستفید ہو گئے ہیں اس کیمپ کے انعقاد پر میں تمام متعلقہ ڈاکٹروں کا مشکور ہوں اور امید کرتا ہوں کہ وہ آئندہ بھی اسی طرح انسانیت کی بے لوث خدمت کرینگے۔