نواز شریف کو ہٹانے سے کرپشن ختم نہیں ہو گی، پانامہ پیپرز میں شامل تمام افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے۔ اسفند یار

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:30

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) عوامی نیشنل پارٹی کے سربراہ اسفند یارولی خان نے کہاہے کہ نواز شریف کو ہٹانے سے کرپشن ختم نہیں ہو گی، پانامہ پیپرز میں شامل تمام افراد کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے، پانامہ پیپرز میں ایسے افراد کے نام بھی شامل ہیں جن کے نام پر 30 سے 35 کمپنیاں ہیں، چیئرمین نیب کو ان کے خلاف بھی کارروائی کرنی چاہئے‘ پاکستان اور افغانستان کو مل بیٹھ کر غلط فہمیاں دور کرنی چاہیں، بصورت دیگر ہمارے علاقے میں خوشحالی نہیںآئے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے این اے فور کے ضمنی انتخابات کے سلسلے میں چمکنی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے پشاور کے حلقہ این اے فور ضمنی الیکشن میں سرکاری وسائل کے استعمال کا الزام عائد کر تے ہوئے کہاکہ الیکشن کمیشن کو اس کا سخت نوٹس لینا چاہئے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے چیئرمین نیب سے مطالبہ کیا کہ پانامہ کیس میں صرف نواز شریف کا نام نہیں، سکینڈل میں شامل تمام افراد کیخلاف مقدمات چلائے جائے تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہوجائے۔

انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے فاٹا کے انضمام کا وعدہ کیا تھا تا ہم انہوں نے وعدہ خلافی کی ہے ‘ فاٹا کو صوبے کا حصہ بنا کر رہیں گے، پی ٹی آئی نے ساڑھے چار سال میں صوبے کیلئے کچھ نہیں کیا، عمران خان کی نظریں تخت اسلام آباد پر مرکوز ہیں، ان کو صوبے کی ترقی اور خوشحالی سے کوئی سروکار نہیں، ان کے اپنے ساتھی ان کے خلاف وعدہ معاف گواہ بن رہے ہیں۔