وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کی نیشنل لاجسٹک سیل کے ذریعے تعمیر کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کی ہدایت

این ایل سی کو مطلوبہ معاونت بروقت فراہم کی جائے اور این ایل سی طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق سکیموں پر پیش رفت یقینی بنائے ، صوبائی حکام کو ہدایت

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:30

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2017ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے نیشنل لاجسٹک سیل کے ذریعے تعمیر کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل پر زور دیتے ہوئے متعلقہ صوبائی حکام کو ہدایت کی ہے کہ این ایل سی کو مطلوبہ معاونت بروقت فراہم کی جائے اور این ایل سی طے شدہ ٹائم لائن کے مطابق سکیموں پر پیش رفت یقینی بنائے ۔

عوامی مفاد کے تحت جاری سکیموں میں تاخیر اور تساہل کی گنجائش نہیں۔ وہ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔ پی کے 24مردان سے رکن صوبائی اسمبلی زاہد درانی جبکہ صوبائی محکموں بلدیات اور اعلیٰ تعلیم کے حکام اور نیشنل لاجسٹک سیل کے نمائندوں نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں مردان ، پشاور اور نوشہرہ میں نیشنل لاجسٹک سیل کے ذریعے زیر تعمیر منصوبوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس کو بتایا گیا کہ شیخ ملتون ٹاؤن مردان میں انفراسٹرکچر کی بحالی کے منصوبے کے پہلے فیز پر کام شروع ہے جس کی مجوزہ لاگت 337.12ملین روپے جبکہ مدت تکمیل ایک سال ہے۔ 48فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ شیخ ملتون میں سیور لائن کا کٹائی کا کام 61فیصد ہو چکا ہے۔ بھرائی اور پائپ بچھانے کا کام بھی تیز رفتاری سے جاری ہے۔ بعض مقامات پر کچی زمین اور شدید بارشوں کی وجہ سے کام متاثر ہوا اور کام دوبارہ کرنا پڑا۔

اس طرح پرانی سیور لائن سے نکلنے والا پانی بھی مشکلات پیدا کرتا ہے جو کام میں تاخیر کا باعث ہے۔ وزیر اعلیٰ نے رکاوٹیں دور کرکے کام کی رفتار تیز کر نے کی ہدایت کی ضلع مردان میں نئی سکیموں کے حوالے سے بتایا گیا کہ جواد چوک میں فلائی اوور کی تعمیر، کاٹلنگ بائی پاس روڈ اور چارسدہ چوک فلائی اوور پر بھی کام شروع ہے تاہم بجلی لائن ، کھمبے اور بعض مقامات پر تجاوزات کام میں رکاوٹ بن رہی ہیں۔

وزیر اعلیٰ نے متعلقہ حکام کو تمام یو ٹیلیٹیز منتقل کرکے سائٹ کلیئر کرنے کی ہدایت کی تاکہ کام میں رکاوٹ نہ آئے۔ مردان میگا پارک کا ڈیزائن مکمل ہے جلد کام شروع کر دیا جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے 15نومبر تک سروس روڈ پبی پر بھی کام مکمل کرنے کی ہدایت کی انہوں نے واضح کیا کہ فٹ پاتھ اور دیگر لوازمات سمیت تمام کام مطلوبہ معیارکے مطابق مکمل ہونا چاہئے ۔

رنگ روڈ چارسدہ کے 14کلو میٹر طویل سروس روڈ پر بھی کام شروع ہے تاہم پیر زکوڑی پل کے بعد والی جگہ کلیئر نہیں ہے۔ وزیر اعلیٰ نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ وہ متعلقہ سائٹ کا دورہ کرکے جگہ کلیئر کریں اور باقی سکیم پر کام تیز کریں۔ وزیر اعلیٰ نے پیر زکوڑی اوورہیڈ پل کا نقشہ فوری مکمل کرکے این ایل سی کے حوالے کرنے اور ورک آرڈر جاری کرنے کی ہدایت کی۔ پرویز خٹک نے جاری ترقیاتی منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے این ایل سی اور متعلقہ محکموں کے مابین باہمی ربط و تعاون یقینی بنانے کی ہدایت کی اور کہا کہ مفاد عامہ کے تحت حکومتی سکیموں پر پیش رفت نظر آنی چاہئے۔

متعلقہ عنوان :