ایم سی آئی کا ایم پی او ڈائریکٹوریٹ آہستہ آہستہ خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہے‘ بہت جلد ایم پی او کو مکمل طور پر ایک خود مختار اور اپنے وسائل پر انحصار کرنے والا ادارہ بنا دیا جائے گا‘ چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:20

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا ہے کہ ایم سی آئی کا ایم پی او ڈائریکٹوریٹ آہستہ آہستہ خود انحصاری کی راہ پر گامزن ہے اور بہت جلد ایم پی او کو مکمل طور پر ایک خود مختار اور اپنے وسائل پر انحصار کرنے والا ادارہ بنا دیا جائے گا تاکہ نہ صرف اسلام آباد میں موجود ہ شاہرائوں کی اپ گریڈیشن کی جا سکے بلکہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر کی جا سکے۔

اکنامک اینڈ سوشل ڈیویلپمنٹ پروگرام کے تحت تعمیراتی مشینری کے حصول کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے تعمیر و ترقی کے نئے باب کھلیں گے جو اسلا م آباد کو صحیح معنوں میں ایک ماڈل شہر بنانے میں مدد دے گا۔ان خیالات کا اظہار میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے سی ڈی اے ہیڈ کوارٹرز میں جاپان گرانٹ ایڈ کے اکنامک اینڈ سوشل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تعمیراتی مشینری کے حصول کے لیے دوسری فالو اپ میٹنگ کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میںسی ڈی اے کے ممبر پلاننگ اینڈ ڈیزائن / چیف آفیسر ،ایم سی آئی اسد محبوب کیانی ، مسٹر نیوکی ایزیومی ،ریجنل سی او او برائے سائوتھ ویسٹ ایشیاء ٹوکیو ہیڈ کوارٹرز جاپان، مسٹر کیمی ہائرو اوشیمارو،اسسٹنٹ ٹو سی او او پلانٹ ڈویژن ٹوکیو ہیڈ کوارٹرز جاپان، مسٹر تیسویا سیو ماٹوسو‘ جنرل مینجر برائے پاکستان اور ماروبانی کارپوریشن کے نمائندوں کے علاوہ شعبے کے متعلقہ سینئر افسران بھی موجود تھے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ اکنامک وسوشل ڈویلپمنٹ پروگرام کے جاپان گرانٹ ایڈ پروگرام کے تحت دو(02) یونٹس روڈ سٹیبلائزرس کی فراہمی سمیت دو(02) یونٹس ایملشن ایسفالٹ لاری‘ دو(02) یونٹس وائبریٹری سنگل ڈرم رولر‘ چار(04) یونٹس پینامیٹک ٹائرڈ رولر‘ چار(04) یونٹس وائبریٹوری ٹینڈم رولر‘ چار(04) یونٹس واک بی ہائنڈ رولر اور ویل ٹائیپ ایسفالٹ پیور شامل ہیں کی فراہمی کے اقدامات کیے جا ئیں گے۔

اجلاس کو مزید بتایا گیا کہ جاپان گرانٹ ایڈ کے اکنامک اور سوشل ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت تعمیراتی مشینری کے حصول کے لیے باقاعدہ کاروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کو میئر اسلام آباد کی منظوری کے بعد وزارتِ داخلہ کے ذریعے جاپان بھیجا جائے گا۔ میئر اسلام آباد و چیئرمین سی ڈی اے شیخ انصر عزیز نے کہا کہ جدید مشینری کی فراہمی سے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو مستقل طور ایسے وسائل فراہم کر دیئے جائیں گے جن سے پورے اسلام آباد بالخصوص ان علاقوں میں جہاںسڑکوں کی صورتحال بہتر نہیں ہے وہاں اس صورتحال کو بہتر کرنے میں مدد دیں گے تاکہ ان کو بھی اسلام آباد کے ڈویلپڈ سیکٹرز کے برابر لایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ جو ں جوں شہر بڑھ رہا ہے ایم پی او کی ذمہ داریوں میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے اس لیے شہر کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے سڑکوں کی تعمیر و مرمت کے لیے ایم پی او کو نئی مشینری مہیا کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ نئی مشینری سے نہ صرف کام کی کوالٹی میں بہتری آئے گی بلکہ تعمیر کے نئے طریقہِ کار کے تحت بچت بھی کی جا سکے گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ نئی مشینری کے حصول کے بعد موجودہ مشینری کی مرمت پر آنے والے اخراجات کی مد میں بھی خاطر خواہ بچت کی جاسکے گی جس کو معاشی اور معاشرتی اہمیت کے دیگر منصوبوں پر خرچ کیا جا سکے گا۔

متعلقہ عنوان :