بیگم نصرت بھٹو کی ہمت، برداشت اور جانفشانی جمہوریت سے محبت کرنیوالوں کیلئے روشنی کا منارا بنی رہے گی، آصف زرداری

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 اکتوبر2017ء) مادرجمہوریت بیگم نصرت بھٹو کی ہمت، برداشت اور جانفشانی پاکستان بھر کے جمہوریت سے محبت کرنے والے لوگوں کے لئے روشنی کا منارا بنی رہے گی۔ یہ بات سابق صدر پاکستان اور پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمینٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری نے 23اکتوبر کو بیگم نصرت بھٹو کی چھٹی برسی کے موقعے پر اپنے پیغام میں کہی۔

انہوں نے کہا کہ سابق خاتون اول بیگم نصرت بھٹو ایک بلند شخصیت تھیں جو ہمت و شجاعت کا پیکر تھیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انہوں نے بحرانوں کا سامنا کیا اور ذاتی سانحات سہے اور تمام پاکستانیوں کو اور آنے والی نسلوں کو مستقبل کا راستہ دکھایا۔ انہوں نے کہا کہ یہ کس قدر حیران کن بات ہے کہ جب ایک طویل جمہوری جدوجہد کے بعد فتح نصیب ہوئی تو وہ خوشی کے ان لمحات کو پوری طرح سے اپنی آنکھوں سے دیکھ نہ سکیں۔ انہوں نے کہا کہ قدرت کا اپنا طریقہ کار ہوتا ہے۔ سابق صدر نے کہا کہ بیگم نصرت بھٹو کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ پارلیمان اور جمہوری اداروں کو مضبوط کیا جائے اور غیرجمہوری قوتوں کی جانب سے جمہوری عمل کو بے وقعت کرنے کی ہر کوشش کے خلاف خبردار رہیں۔