ارم عظیم فاروقی کا سلمان مجاہد بلوچ کو مناظرے کا چیلنج

سلمان مجاہدنے میرے خلاف واٹس ایپ گروپ میں نامناسب پوسٹ کی ہے ،فی الحال کسی پارٹی میں نہیں جارہی ہوں ،ویڈیوپیغام

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:00

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء)ایم کیو ایم کی رکن سندھ اسمبلی ارم عظیم فاروقی نے سلمان مجاہد بلوچ کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر اپنے ردعمل میں ایک ویڈیو بیان میں سلمان مجاہد بلوچ کو مناظرے کا چیلنج دیتے ہوئے کہاہے کہ سلمان مجاہد بلوچ نے کہا ہے کہ انہیں میری وجہ سے ایم کیو ایم سے نکالا گیا ۔ میں ان سے کچھ سوالات پوچھنا چاہتی ہوں ۔

انہوں نے کہاکہ سلمان مجاہد اسلام آباد میں رہتے ہیں۔وہ کس بنیاد پرڈی ایم سی کراچی کی گاڑی استعمال کر رہے ہیں وہ ڈی ایم سی ایڈمنسٹریٹر سومرو سے ہر ماہ 25 لاکھ روپے مانگتے ہیں۔ جب سومروصاحب نے شکایت کی توان کودھمکیاں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کی تنخواہیں روکی جاتی ہیں۔اس کا حصہ سلمان مجاہد ،عامرخان اور خواجہ اظہار کو دیتے ہیں۔

(جاری ہے)

سلمان مجاہدکونکالنے کی بات ہوئی توسب سے زیادہ مخالفت ان دونوں نے ہی کی۔ انہوں نے سلمان مجاہد کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن کا ریکارڈ نکالو، نہ اپنا بھی کچھ بتائو، اتنا پیسہ کہاں سے بنایا گیا، آخر اتنا غصہ کس بات کا ہے۔ سلمان مجاہدنے میرے خلاف واٹس ایپ گروپ میں نامناسب پوسٹ کی ہے ۔انہوں نے کہاکہ فی الحال کسی پارٹی میں نہیں جارہی ہوں۔

عامرمعین ایم کیوایم کے کرپٹ ایم پی اے ہیں۔کچھ لوگ ہیں جو ایم کیو ایم اور اس کے لیڈر کو گندا کرتے رہے ہیں۔ارم عظیم فاروقی نے کہاکہ پیغامات بھجوائے جا رہے ہیں خاموش ہوجاو ورنہ ہم بہت ساری چیزیں سامنے لے آئیں گے۔ ایم کیو ایم کے کئی ایم این ایز اور ایم پی ایز کے پاس اقامہ ہے ۔انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان کے مافیا کو میں نے اپنے پیغام کے ذریعے آشکار کیا ہے۔ عوام انہیں نکال باہر کرے گی۔