کالا باغ ڈیم کی تعمیر ملکی معیشت کیلئے ناگزیر ہے بھارت نے ڈیم بنا کر پاکستان کو بنجر بنانے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے ‘رشید منہالہ

زراعت سے منسلک ستر فیصد افراد ہی سب سے زیادہ مسائل کا شکار ہیں حکمران کسانوں کو ہر لحاظ سے ریلیف دیں ‘چیئرمین کسان بورڈ لاہور

اتوار 22 اکتوبر 2017 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء) کسان بورڈ لاہور کے صدر میاں رشید منہالہ نے کہا ہے کہ کالا باغ ڈیم کی تعمیر ملکی معیشت کے لئے ناگزیر ہے بھارت نے ڈیم بنا کر پاکستان کو بنجر بنانے کا منصوبہ بنایا ہوا ہے ،کرپٹ حکمران اپنی تجوریاں بھرنے کے علاوہ ملک و قوم کو دلدل میں دھکیل رہے ہیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے کسانوں کی ماہانہ میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ زراعت ملک کی معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتی ہے لیکن حکمران زمینداروں کو خودکشیاں کرنے پر مجبور کر رہے ہیں موجودہ حکمرانوں کی کسان دشمن پالیسیوں کی بدولت زراعت قریب المرگ کسان کو منڈیوں میں ان کی اجناس کی مناسب قیمتیں نہیں مل رہیں شوگر مل مالکان نے گنے کے کاشتکاروں کے اربوں روپے لوٹ کر کنگال کر دیا ہے ،بجلی کی لوڈشیڈنگ، بلوں میں ہوشرباء اضافہ سے کسان کی کمر توڑ دی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ اس وقت زراعت سے منسلک ستر فیصد افراد ہی سب سے زیادہ مسائل کا شکار ہیں ہماری حکمرانوں سے اپیل ہے کہ وہ کسانوں کو ہر لحاظ سے ریلیف دیں بصورت دیگر کسان سڑکوں پر آگئے تو سب سے زیادہ نقصان حکمران جماعت کو ہو گا۔