خان صاحب ہر ہتھکنڈہ استعمال کر کے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں۔بلاول بھٹو زرداری

اتوار 22 اکتوبر 2017 19:50

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہاہے کہ عمران خان خیبر پختونخوا کے عوام اور وسائل کو پنجاب کی سیاست کے لئے استعمال کر رہے ہیں‘ خیبر پختونخوا کے پیسوں سے ہی عمران خان کا کچن اور جہانگیر ترین کا جہاز چلتا ہے‘ خان صاحب ہر ہتھکنڈہ استعمال کر کے اقتدار حاصل کرنا چاہتے ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز پشاور کے علاقے زنگلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہاکہ پیپلز پارٹی نے پختونوں کو شناخت دی، عوام ضمنی الیکشن میں سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں، ہم نے صوبوں کو خود مختاری دی۔پیپلز پارٹی نے ہی 18 ویں ترمیم کے ذریعے صوبوں کو ان کے جائز حقوق دلوائے اور عوام کی خواہش کے مطابق صوبے کا نام خیبر پختونخوا رکھا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عمران خان پوری دنیا میں کرپشن کے خلاف اعلان کی باتیں کرتے ہیں لیکن ان کے اپنے صوبے میں میگا کرپشن کے خلاف کیوں تحقیقات نہیں کی جا رہیں کہاں گیا پی ٹی آئی کا احتساب کمیشن بلاول بھٹو نے کہا کہ عمران خان جن لوگوں کو کرپٹ کہتے تھے آج وہی لوگ عمران خان کے ارد گرد کھڑے ہیں‘ خان صاحب کے اپنے ہی ساتھی کہہ رہے ہیں کہ تبدیلی کے نعرے لگاتے لگاتے پی ٹی آئی خود تبدیل ہو گئی ہے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دعوے بھی جھوٹے ہیں‘ نجی اسکولوں سے بچے اٹھا کر سرکاری اسکولوں میں لانے کا ثبوت دیا جائے اور کوئی ایک مثال دی جائے کہ سرکاری اسکولوں کے بچوں نے پہلی پوزیشن حاصل کی ہو۔انہوں نے کہا سرکاری تعلیمی اداروں کی نجکاری کی باتیں کی جا رہیں جس کے خلاف اساتذہ اور عوام سراپا احتجاج ہیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ پیپلز پارٹی حقیقت میں عوام کی سیاست کرتی ہے اور ہم اقتدار میں آ کر حق داروں کو ان کا جائز حق دیں گے۔