صوبائی حکومت کی مربوط پالیسیوں اور اصلاحات کی بدولت صوبے کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کردیاہے‘ محمود خان

اتوار 22 اکتوبر 2017 19:50

پشاور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی وزیر آبپاشی وکھیل محمود خان نے کہا ہے کہ موجودہ صوبائی حکومت کی مربوط پالیسیوں اور انقلابی اصلاحات کی بدولت نہ صرف صوبے کو معاشی ترقی کی راہ پر گامزن کردیا بلکہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ایسے انقلابی اقدامات کئے ہیں جن کی پاکستان کی دیگر صوبوں میں صرف تقلید کررہے ہیں اور بین الاقوامی اداروں میں بھی صوبائی حکومت کی کارکردگی کو بھرپور سراہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مانڈل ڈاگ مٹہ سوات میںجلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کے کارکردگی پر مثبت تنقید کواصلاح کا ذریعہ سمجھتے ہیں تاہم کسی سیاسی مصلحت کا شکار نہیں ہوں گے۔انہوں نے حلقہ نیابت میں ترقیاتی کاموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ 14ارب روپے کی خطیر رقم سے حلقے میں مختلف ترقیاتی منصوبوں جن میں24آبنوشی ٹیوب ویل‘2500بجلی کے کھمبے‘500نئے ٹرانسفارمر‘400پرانے ٹرانسفارمرز کی مرمت‘سڑکوں ‘پلوں‘طبی وتعلیمی اداروں کی تعمیر مرمت‘سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی پشتہ جات‘ایریگیشن چینل‘وغیرہ کی منصوبوں کا جال بچھا دیا گیا ہے جس سے نہ صرف سابقہ محرومیوں کا آزالہ ہونے کے ساتھ ساتھ خوشحالی ترقی کا ایک انقلاب برپا ہوگا۔