کوہاٹ پولیس کی کارروائی ‘ اسلحے سے بھری گاڑی پکڑ کر سمگلر کو گرفتار کرلیا

اتوار 22 اکتوبر 2017 19:50

کوہاٹ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) کوہاٹ پولیس نے اسلحہ سے بھری ایک اور گاڑی پکڑ کر ہتھیاروں کے قبائلی سمگلر کو گرفتار کرلیا ہے‘انڈس ہائی وے پر اسلحہ سمگلر نیٹ ورک کے خلاف پولیس کی چوبیس گھنٹوں میں یہ دوسری بڑی کارروائی ہے‘ اس سے قبل درہ آدم خیل سے وزیرستان جانیوالی ٹرک سے خود کار اسلحہ کی بھاری کھیپ برآمد کرکے دو ملزمان کو گرفتار کیا جاچکا ہے‘ اس کاروائی میں موٹر کار کے خفیہ خانوں سے برآمد ہونیوالے اسلحہ میں سینکڑوں پستول اور چارجرز شامل ہیں۔

دیسی ساخت کا یہ اسلحہ درہ آدم خیل سے بنوں اور قبائلی علاقہ وزیرستان سمگل کیا جارہا تھا۔ایس پی آپریشنز کوہاٹ جمیل اختر نے حکومتی رٹ چیلنج کرنیوالے دہشتگردوں کے معاونت کار عناصر کے خلاف پولیس کی انڈس ہائی وے پر پے درپے کامیاب کاروائیوںکے حوالے سے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ اتوار کی صبح ایس ایچ او تھانہ محمد ریاض شہید اسلام الدین نے ہیڈ کانسٹیبل رفیع اللہ اور دیگر پولیس نفری کے ہمراہ کوہاٹ انڈس ہائی وے پر ٹنل ٹول پلازہ کے قریب پولیس چیک پوسٹ میں سنیپ چیکنگ کے دوران گاڑیوں کی تلاشی کا سلسلہ شروع کررکھا تھا کہ اس اثناء میں درہ آدم خیل سے آنیوالی ایک مشکوک موٹر کار نمبر سندھ W-9073کو تلاشی کی غرض سے روک لیا گیا۔

(جاری ہے)

تلاشی کے دوران پولیس پارٹی نے موٹر کار کے خفیہ خانوں میں انتہائی مہارت سے چھپائے گئے اسلحے کی بھاری کھیپ برآمد کرکے موٹر کار میں سوار اسلحہ سمگلر کو گاڑی سمیت گرفتار کرلیا ۔ایس پی جمیل ختر نے بتایا کہ پکڑے جانیوالے اسلحے میں 105عدد نائن ایم ایم کے پستول اور 210چارجرز شامل ہیں۔ایس پی آپریشنزکوہاٹ کا کہنا تھا کہ پکڑا گیا مقامی ساخت کا اسلحہ درہ آدم خیل سے بنوں اور بعد ازاں قبائلی علاقہ وزیرستان ایجنسی منتقل کیا جارہا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران قبائلی علاقہ درہ آدم خیل سے کوہاٹ انڈس ہائی وے کے راستے مختلف گاڑیوں کے ذریعے اسلحہ سمگل کرنے کی کوشش ناکام بنانے کے سلسلے میں پولیس کی یہ دوسری اہم کامیابی ہے جسمیں لاکھوں مالیت کے خود کار ہتھیاروں سمیت تین اسلحہ سمگلر پکڑے جاچکے ہیں۔ایس پی آپریشنز نے بتایا کہ اس بار کاروائی میں پکڑے جانیوالے ملزم نے درہ آدم خیل سے متعدد مرتبہ ناجائز اسلحہ خیبر پختونخوا کے جنوبی اضلاع ،مختلف قبائلی علاقوں اور پنجاب کے مختلف شہروں کو سمگل کرنے کا انکشاف کیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم نے موٹر کار سے برآمد ہونیوالا اسلحہ درہ آدم خیل سے بنوں اور بعد ازاں وزیرستان سمگل کرنے کا اعتراف جرم کرلیا ہے ۔ایس پی جمیل اختر نے بتایا کہ اسلحہ کی بھاری کھیپ سمیت گرفتار ملزم کے خلاف تھانہ محمد ریاض شہید میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے جن سے اس بارے میں مزید پوچھ گچھ جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :