نوشہرہ‘ دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے پولیس فورس کو اسپیشل کمبٹ یونٹ کی بہترین تربیت دے رہے ہیں‘ آئی جی پی

اتوار 22 اکتوبر 2017 19:50

نوشہرہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا صلاح الدین خان محسود نے کہا ہے کہ صوبے میں بڑی حد تک امن قائم ہوچکا ہے لیکن دہشت گردی کاخطرہ کم نہیں ہوا بلکہ اب بھی موجود ہے‘ اندرونی اور بیر ونی خطرات اوردہشت گردی سے نمٹنے کے لیے پولیس فورس کو اسپیشل کمبٹ یونٹ کی بہترین تربیت دے رہے ہیں‘خیبر پختونخوا میں نوے ہزار پولیس فورس کو بتدریج اعلی تربیت دینے کا سلسلہ شروع کردیا ہے‘ خطے کے بدلتے ہوئے حالات کے پیش نظر پولیس فورس کو مکمل تیار رکھنے اور ہر قسم کے حالات سے نمٹنے کے لیے پاک فوج اور ایلٹ فورس کی نگرانی میں اعلی تربیت دی جارہی ہے‘ ہمارے پاس بیس ہزار جوانوں کو سالانہ تربیت دینے کی صلاحیت موجود ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوشہرہ میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمانڈنٹ ایلیٹ فورس، صوبہ بھر کے ریجنل پولیس آفیسرز، ڈپٹی کمانڈنٹ ایلیٹ فورس پرنسپل ٹریننگ سنٹر اور دیگر اعلیٰ پولیس حکام بھی موجود تھے ۔انہوں نے کہاکہ ترتیب کے دوران دہشت گردی ‘اغوا برائے تاوا ن اور بھتہ خورں سے نمٹنے کی خصوصی تربیت دی جارہی ہے اللہ تعالی کے فضل و کرم سے پچھلے دس سالہ ریکار ڈ میں اس سال دہشت گردی سمیت تما م سنگین جرائم بشمول اغوا برائے تاوان میں خاطر خواہ کمی آچکی ہے جو بہترین حکمت عملی اور آپریشنز کی مرہون منت ہے لیکن جب تک ہمارے پڑوس میں امن قائم نہیں ہوگا تب تک ہمیں اپنے فورس کو تیار رکھنا ہوگا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی کارکردگی نمایاں ہے ‘ پیشہ ورانہ تربیت جوانوں کی صلاحیتوں میں نکھار لانے کے لیے اہم کردار ادا کرتی ہے ۔

پولیس سربراہ نے کہا کہ یہ امر باعث اطمینان ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس صحیح سمت پر گامزن ہے اور اپنی سخت محنت اور کوششوں کے بل بوتے پر ایک مکمل فورس بن کر ہر قسم کے چیلنج سے نمٹنے کے لیے تیار ہوچکی ہے۔ انھوں نے آپریشنل کمانڈو کورسز پیشہ ورانہ تربیت کے حوالے سے اہم سنگ میل ثابت ہوگا جس سے پولیس اہلکاروں کی صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا ۔

آئی جی پی نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس فورس کے جانبازوں نے ملک کے اندرونی دفاع کے لیے محنت، جانفشانی اور فرض شناسی کی اعلیٰ روایات قائم کرکے بے مثال قربانیاں دی ہیں‘ ملک کے اندرونی صورتحال اور بیرونی صور تحال کو دیکھتے ہوئے ہم نے پولیس کی ٹریننگ کو دو تین گناہ بڑھادیا ہے انھوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کافی بہتر ہوچکی ہے‘ تاہم خیبر پختونخوا پولیس ان سے غافل نہیں ہے۔

ہمیں اپنی تربیتی صلاحیتوں میں مزید بہتری لانی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس وقت صوبے میں ہزاروں کی تعداد میں ایلیٹ فورس کے یونٹ موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس دن بدن تربیت کے ذریعے اپنی صلاحیتوں میں اضافہ کررہی ہے اور تمام شعبہ جات میں اپنے فرائض وابستہ توقعات کے مطابق بطریق احسن ادا کررہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ بہترین تربیت سے دہشت گردی اور جرائم کے خلاف فورس کی صلاحیتیںبڑھ جائیں گے۔ پولیس ایکٹ 2017 کا ذکر کرتے ہوئے آئی جی پی نے کہا کہ اس پر سرعت سے کام جاری ہے تین چار مہینے میں خیبر پختونخوا میں ایکٹ کو مکمل طور پر نافذ کیا جائیگا صوبائی، ضلعی شکایات سیل بن رہاہے اور اب تک اٹھائے گئے تمام اقدامات کو یکجا کرکے ایکٹ میں شامل کیا جارہا ہے۔

متعلقہ عنوان :