صوبائی وزیر بلدیات کی زیر صدارت سیالکوٹ کے ترقیاتی منصوبوں کے جائزے کے حوالے سے اجلاس کا انعقاد

یونین کونسل ماڈل ٹاؤن میں 10کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 1کروڑ76لاکھ روپے کی لاگت سے سیور، ٹف ٹائیلز لگانے کے منصوبے پہلے ہی مکمل کئے جاچکے ہیں ، منشاء اللہ بٹ کااجلاس سے خطاب

اتوار 22 اکتوبر 2017 19:10

سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) صوبائی وزیر بلدیات و کمیونٹی ڈویلپمنٹ پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ یونین کونسل ماڈل ٹاؤن میں 10کروڑ روپے کی لاگت سے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ 1کروڑ76لاکھ روپے کی لاگت سے سیور، ٹف ٹائیلز لگانے کے منصوبے پہلے ہی مکمل کئے جاچکے ہیں ۔ یہ بات انہوں نے اراکین یونین کونسل ماڈل ٹاؤن کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں چیئرمین یوسی ماڈل ٹاؤن میاں محمد جہانگیر، وائس چیئرمین ملک عظمت اللہ، جنرل کونسلرز شیخ کمال افضل، مہر ندیم، مہر محمد اظہر، فرحان آصف ، زاہد نواز بٹ ، ملک سعید ، لیبر کونسلرعدنان بھٹی، ضلعی جنرل سیکرٹر ی پی ایم ایل این سیالکوٹ سید شجاعت علی پاشا، شیخ ناصر، چودھری سیف اللہ، ایکسیئن پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ جاوید پرواز، ایس ڈی او غلام حسین اور اوورسیئرجہانگیر بٹ کے علاوہ سیالکوٹ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی اور میونسپل کارپوریشن سیالکوٹ کے مقامی حکام نے اجلاس میں شرکت کی ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر بلدیات محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ ناصر روڈ پر نکاسی آب کے مسئلہ کو حل کرنے کیلئے 5کروڑ روپے کی لاگت سے سیور لائن ڈالی جائے گی اور نالہ بھیڈ پر ڈسپوزل اسٹیشن بھی تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے میونسپل کارپوریشن کے مقامی حکام کو ہدایت کی کہ رہائشی علاقوں میں این او سی کے بغیر کھلنے والے سکولوں کے خلاف کارروائی کی جائے جبکہ قبرستان شہیداں میں اسٹریٹ لائٹس نصب کی جائیں ۔

انہوں نے پاکستان ریلوے کے حکام کو ہدایت کہ ایبٹ روڈ پر پھاٹک کے ساتھ ملحقہ روڈ کے داخلی راستہ کو کھلا کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ لوکل گورنمنٹ کے مقامی حکام کو ہدایت کہ وہ یوسی ماڈل ٹاؤن میں فرض شناس عملہ تعینات کیا جائے اور بدعنوان عملہ کے خلاف بلا امتیاز کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ یوسی ماڈل ٹاؤن کی تعمیر و ترقی کیلئے ہر ممکن وسائل مہیا کئے جائیں گے ۔

صوبائی وزیر محمد منشاء اللہ بٹ نے کہاکہ شہر میں نئے پارکس کی تعمیر اور گرین بیلٹس کو خوبصورت پودوں سے آراستہ کرنے کیلئے شہر اقبال میں پارکس اینڈ ہارٹی کلچرل اتھارٹی کا قیام عمل میں لایا جاچکا ہے جس نے کام کا آغاز کردیا ہے ۔ یوسی ماڈل ٹاؤن کے چیئرمین ، وائس چیئرمین و اراکین نے صوبائی وزیر بلدیات کی جانب سے یونین کونسل کی تعمیرو ترقی کیلئے ترقیاتی فنڈز کی فراہمی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہایونین کونسل ماڈل ٹاؤن آفس کو محکمہ صحت کے قبضہ سے واگذار کروایا جائے ۔