دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا قومی سلامتی کے معاملات آرمڈ فورسز کا کردار ہمیشہ شاندار رہا ہے،ملک و قوم کی سلامتی اور بقاء کیلئے سیاسی اور عسکری قیادت فولادی عزم کے ساتھ ایک پیج پر کھڑی ہیں،گورنر پنجاب

اتوار 22 اکتوبر 2017 18:50

لاہور ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہو یا قومی سلامتی کے معاملات آرمڈ فورسز کا کردار ہمیشہ شاندار رہا ہے۔ وطن سے بے لو ث محبت، ملک کی سالمیت اور خودمختاری کا تحفظ ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ملک و قوم کی سلامتی اور بقاء کے لئے سیاسی اور عسکری قیادت فولادی عزم کے ساتھ ایک پیج پر کھڑی ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنر ہائوس لاہور میں نیشنل ڈیفنس یونیورسٹی میں زیر تربیت نیشنل سکیورٹی اینڈ وار کورس کے فوجی و سول افسران کے اعزاز میں دی گئی عشائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ ملک میں ضرب عضب، نیشنل ایکشن پلان اور ردالفساد پر موثر عملدرآمد کے نتیجے میں امن کی فضا قائم ہوئی ہے جس سے اقتصادی اور معاشی شعبے سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ملک کے بنیادی مسائل کے خاتمے اور عوام کو زندگی کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے حکومت اپنے تمام تر وسائل کو یقینی بنارہی ہے خصوصاً جنوبی پنجاب اور دور دراز علاقوں کی ترقی اور خوشحالی کے لئے میگاپراجیکٹس پر تیزی سے کام جاری ہے۔ گورنر نے کہا کہ قومی سوچ اور سیاسی بالیدگی کا تقاضا ہے کہ ہم ایسا طرز سیاست اپنائیں جن سے قومی مسائل میں کمی ہو اور اس کے لئے ہمیں ذاتی اختلافات سے بالاتر ہوکر ملکی مفاد کو ترجیح دینا ہوگی۔

گورنر پنجاب نے شرکاء کی جانب سے کئے گئے مختلف سوالات کے جواب دیتے ہوئے کہا کہ حکومت تعلیم اور توانائی سمیت ڈیویلپمنٹ اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے لئے قومی ایجنڈا پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا عوام کی فلاح وبہبود اور انہیں سماجی انصاف کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہا کہ سی پیک ملکی ترقی کے ساتھ ساتھ خطے کی خوشحالی کے لئے بھی سود مند ثابت ہوگا جبکہ گوادر پورٹ بلوچستان کو ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت ایجوکیشن کے شعبے میں گراں قدر خدمات سر انجام دے رہی ہے اور ملک کے بڑے بڑے شہروں سمیت دیہی علاقوں میں قائم سرکاری سکولوں کی اپ گریڈیشن پر خصوصی توجہ دے رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر پنجاب نے کہا کہ لاہور کی طرح دیگر شہروں میں بھی عوام کو جدید سفری سہولتوں کے ساتھ ساتھ ان کی معیار زندگی کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے ہر قسم کے وسائل کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

ایک اور سوال کا جواب میں انہوں نے کہا کہ زراعت کا شعبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے اور حکومت پنجاب نے کاشتکاروں کو ریلیف دینے کے لئے کسان پیکج کا اعلان کیا ہے جس میں انہیں سستی کھاد،بیج اور بلاسود زرعی قرضے مہیا کئے جارہے ہیں۔ اس موقع پر وفد کے سربراہ کموڈور بلال عبدالناصر نے ادارے کے اغراض و مقاصد اور یونیورسٹی میں افسران کے تربیتی کورسزکے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔

گورنر پنجاب کو ادارے کی جانب سے شیلڈ بھی دی گئی۔دریں اثناء ، گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے گورنر ہائوس لاہور میں بلاسود قرضے فراہم کرنے والی تنظیم ’’اخوت‘‘ کے زیر اہتمام فنڈریزنگ کے حوالے سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آدمی چھوٹا بڑا نہیں ہوتا یہ تو دُنیا نے تفریق پیدا کی ہے ، اصل حقیقت خدمت ِ انسانیت ہے اور یہ ایسا جذبہ ہے جس میں کسی اختیارات کی ضرورت نہیں ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ ایدھی (مرحوم) کے پاس کیا اختیارات تھے ۔انہوں نے اپنی ساری زندگی خدمت انسانیت کے لئے وقف کر رکھی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اللہ کا شکر ادا کرنا چاہئے کہ آج ہم اخوت جیسے اداروں کے ساتھ کھڑے ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ معاشرے میں حصول تعلیم اور صحت مہیا کرنا حکومت کا فرض ہے اور یہ شہریوں کا فنڈامینٹل حق بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کو ضروریات زندگی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن کوششیںکررہی ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ادارے کے سربراہ ڈاکٹر امجد ثاقب نے ادارے کی کارکردگی اور اس کے اضراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی ۔ انہوں نے کہا کہ ’’اخوت‘‘ نے دُنیا میں ایک نئی سوچ پیدا کی ہے ، ہم درد مندلوگ ہیں، کسی غریب کی مدد کرنا، اس کے آنسو پونچھنا ہمارا شیوا ہے اور یہ سب آپ لوگوں کی وجہ سے ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر قرض بغیر سود دیا جاسکتا ہے تو تعلیم روپے کے بغیر کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اخوت کے زیر اہمتام قائم ہونے والی ’’اخوت یونیورسٹی ‘‘کی تکمیل سے ہزاروںغریب طلباء وطالبات مستفید ہوں گے۔قریب میں مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات اور مخیر حضرات نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :