بھارتی بربریت دنیا کے امن کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے ‘ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی انتہا کر دی ہے ‘اب مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر جارحیت کا مظاہر ہ کررہا ہے

پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما ، ممبر کشمیر کونسل میر یونس کی بات چیت

اتوار 22 اکتوبر 2017 15:51

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی رہنما ، ممبر کشمیر کونسل میر یونس نے کہا ہے کہ بھارتی بربریت دنیا کے امن کے لیے خطرہ بنتی جا رہی ہے ، بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت اور انسانی حقوق کی پامالیوں کی انتہا کر دی ہے اور اب مقبوضہ کشمیر سے عالمی توجہ ہٹانے کے لیے ایل او سی پر جارحیت کا مظاہر ہ کررہا ہے ‘بھارت کی یہ بربریت جاری رہی تو دنیا میں قیام امن محض ایک خواب کے سوا کچھ نہیں ہو گا، حالیہ دنوں میں بھارت نے کئی بار ایل او سی کی خلاف ورزی کرتے ہوئے معصوم اور بے گناہ شہریوں کو نشانہ بنایا اور کئی قیمتی انسانی جانیں ضائع کی ہیں بھارت ان اوچھے ہتھکنڈوں سے تحریک آزادی کشمیر کو کسی صورت سرد نہیں کر کے گا اور نہ کر سکا ہے گزشتہ روز سلطنت آف اومان سے ٹیلی فون پر سی یوجے مظفرآباد کے جائنٹ سیکرٹری چوہدری شہزاد یعقوب سے بات چیت کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کی جانب سے ایل او سی اور مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی پرزور مذمت کرتے ہیں اور عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری نوٹس لیکر بھارتی بربریت بند کرائے ، مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے ساتھ جو ظلم کیا جا رہا ہے اس پر عالمی اداروں کی خاموشی لمحہ فکریہ ہے ، عالمی انسانی حقوق کی عالمی تنظیمیں خواب غفلت سے بیدار ہوں ۔