وزارت امور کشمیر قائد اعظم کی تخلیق کردہ ہے جو اس کی افادیت و اہمیت واضح کرتی ہے ‘وزارت امور کشمیر کی وجہ سے آزاد کشمیر حکومت اور حکومت پاکستان کے مابین بہترین تعلق کار قائم ہیں

آزاد کشمیر حکومت کے وزیر مواصلات و ورکس چودھری محمد عزیز کی بات چیت

اتوار 22 اکتوبر 2017 15:50

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) آزاد کشمیر حکومت کے وزیر مواصلات و ورکس چودھری محمد عزیز نے کہا ہے کہ وزارت امور کشمیر قائد اعظم کی تخلیق کردہ ہے جو اس کی افادیت و اہمیت واضح کرتی ہے ۔وزارت امور کشمیر کی وجہ سے آزاد کشمیر حکومت اور حکومت پاکستان کے مابین بہترین تعلق کار قائم ہیں ۔موجودہ وفاقی وزیر امور کشمیر چودھری برجیس طاہر ایک سنجیدہ،دوراندیش ،معاملہ فہم اور صاحب بصیرت شخصیت ہیں ۔

ان کے مثبت اور موثر سیاسی کردار کی وجہ سے گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن کو عام انتخابات میں واضح اکثریت کے ساتھ کامیابی ملی اور اسی کامیابی کی بدولت آج آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے اندر عوامی توقعات کے مطابق مسلم لیگ ن کی حکومتیں قائم ہیں ۔

(جاری ہے)

چودھری برجیس طاہر نے کشمیر کونسل کے ترقیاتی فنڈ ز آزاد کشمیر کے اندر خرچ کرنے کی سوچ اور حکمت عملی کو پروان چڑھایا اور اس میں کامیابی حاصل کی ۔

صحافیوں کے ساتھ بات چیت کے دوران چودھری محمد عزیز نے کہا کہ وفاقی وزیر امور کشمیر نے آزاد کشمیر حکومت کے مسائل حل کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔آزاد کشمیر حکومت کے ترقیاتی بجٹ میں سو فیصد اضافہ اور حکومت کے اختیارات میں اضافہ کے لیے عبوری آئین ایکٹ 1974میں ترامیم کے لیے وفاقی سطح پر کمیٹی کا قیام برجیس طاہر کے ہی کارنامے ہیں ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مسلم لیگ ن چودھری برجیس طاہر کی سوچ اور حکمت عملی کے ساتھ ان کی پالیسی سے مطمئن ہے ۔انفرادی طور پر لوگوں کی شکایات ہو سکتی ہیں تاہم اجتماعی طور پر ہم وفاقی وزیر امور کشمیر کے کردار سے مطمئن ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو زعماء وزیر امور کشمیر کے حوالے سے میڈیا کے ذریعے جذبات کا اظہار کر رہے ہیں ان کا احترام ہے تاہم بہتر تھا کہ وہ مناسب فورم پر بات کرتے ۔

جس انداز میں وزارت امور کشمیر اور چودھری برجیس طاہر کے خلاف محاذ کھولا گیا ہے وہ موجودہ حالات کے تناظر میں کسی صورت ملکی ،قومی اور جماعتی مفاد سے ہم آہنگ نہیں ہے۔حالات کی سنگینی اور نزاکت کا تقاضا ہے کہ باہمی اتحاد و یکجہتی کے ذریعے معاملات حل کیے جائیں ۔انتشار اور اختلافات سے موقع پرست اور ملک دشمن عناصر فائدہ اٹھا سکتے ہیں ۔

توقع ہے کہ تمام احباب حساس معاملات پر سنجیدہ طرز عمل اختیار کریں گے۔ایک اور سوال پر انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر میں سیاسی افراتفری اور انتشار کا سیز فائیر لائن کے اس پار منفی پیغام جاتا ہے ۔مقبوضہ کشمیر کے عوام تحریک آزادی کشمیر کے لیے گرانقدر قربانیاں دے رہے ہیں ۔مقبوضہ کشمیر کے عوام کی بے مثال قربانیوں کا تقاضا ہے کہ آزاد کشمیر سے ان کی سیاسی ،اخلاقی و سفارتی حمایت جاری رکھی جائے ۔