جوہری معاہدہ ایران اور مختلف ممالک کے درمیان تعلقات کی توسیع کیلئے اہم ہے،ہالینڈ

معاہدہ ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا کوئی دوطرفہ معاہدہ نہیں بلکہ یہ ایک عالمی دستاویز ہے،ہالینڈ پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کے چیئرمین ریمنڈ ناپس کا بیان

اتوار 22 اکتوبر 2017 14:30

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 22 اکتوبر2017ء) ہالینڈ نے کہا ہے کہ جوہری معاہدہ ایران اور مختلف ممالک کے درمیان تعلقات کی توسیع کے لئے اہم ہے،معاہدہ ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا کوئی دوطرفہ معاہدہ نہیں بلکہ یہ ایک عالمی دستاویز ہے۔ہالینڈ کی پارلیمنٹ کی خارجہ کمیٹی کے چیئرمین ریمنڈ ناپس نے ڈچ پارلیمنٹ کے وفد کی قیادت میں دورہ تہران کے موقع پر ایرانی پارلیمنٹ کے قومی سلامتی اور خارجہ پالیسی کمیشن کے چئیرمین علاالدین بروجردی کے ساتھ ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کے بیانات کے باوجود جوہری معاہدے کے تحفظ کے لئے عالمی برادری نے یکساں موقف کا اظہار کیاہے اور اس معاہدے سے ایران اور مختلف ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں مدد ملے گی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ایران جوہری معاہدہ عالمی امن و سلامتی بالخصوص ایران کی ترقی کے لئے نہایت اہمیت کا حامل ہے۔ ڈچ پارلیمنٹ کے سینئر رکن کا کہنا تھا کہ ان کے دورہ ایران کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان ثقافتی اور پارلیمانی تعاون کو مزید فروغ دینا ہی. اس ملاقات میں علاالدین بروجردی نے کہا کہ ایران کے میزائل پروگرام کا مقصد صرف ملکی دفاع ہی. انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ہم ہرگز کسی ملک کو اجازت نہیں دیں گے کہ وہ یکطرفہ طور پر جوہری معاہدے کو ختم کری.علاالدین بروجردی نے ایران جوہری معاہدے کے خلاف ٹرمپ کے حالیہ منفی بیانات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ جوہری معاہدہ ایران اور امریکہ کے درمیان طے پانے والا کوئی دوطرفہ معاہدہ نہیں بلکہ یہ ایک عالمی دستاویز ہے۔