قدرت نے گلگت بلتستان کوبے شمار قدرتی ادویاتی نباتات سے نوازا ہے ‘سجاد حیدر
تازہ ترین : 1

قدرت نے گلگت بلتستان کوبے شمار قدرتی ادویاتی نباتات سے نوازا ہے ‘سجاد حیدر

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2017ء)سیکرٹری جنگلات وجنگلی حیات و ماحولیات گلگت بلتستان سجادحیدر نے کہاہے کہ قدرت نے گلگت بلتستان کوبے شمار قدرتی ادویاتی نباتات سے نوازا ہے لیکن علم کی کمی اور آگہی نہ ہونے کی وجہ سے یہ بیش بہا قدرتی ذرائع نہ صرف ضائع ہورہے تھے بلکہ انکی چوری اور سمگلنگ ہورہی تھی جس سے مقامی لوگوں کو کوئی فائدہ نہیں مل رہا تھا۔

اگر ان بیش بہا قدرتی نباتات کو دانشمندی کے ساتھ استعمال میں لایا جائے اور مقامی و بین الاقوامی مارکیٹ تک ان نباتات کی رسائی ہو تو مقامی لوگوں کی معیشت میں کافی بہتری آسکتی ہے جس سے نہ صرف بین الاقوامی مارکیٹ میں گلگت بلتستان کا نام آسکتا ہے بلکہ مقامی لوگوں کو گھر کے دہلیز پر روزگار بھی مہیا ہو سکتا ہے۔ اسی منصوبے کے تحت گلگت بلتستان میں موجود ادویاتی نباتات اور پھولوں پر دستاویزی فلم تیار کی ہے جس کی باقاعدہ تشہیر سے قبل منظوری لینے کیلئے چیف سیکریٹری کے کانفرنس ہال میں ایک میٹنگ ہوئی جس میں چیف سیکرٹری کے علاوہ سیکرٹری جنگلات، جنگلی حیات و ماحولیات، سیکرٹری زراعت و لائیو سٹاک گلگت بلتستان، پلاننگ چیف گلگت بلتستان اور محکمے کے دیگر آفیسران نے شرکت کی۔

مذکورہ پراجیکٹ کے بارے میں سجادحیدر سیکرٹری جنگلات جنگلی حیات و ماحولیات گلگت بلتستان نے تفصیلی بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری نے اس پراجیکٹ کے تحت اب تک حاصل ہونے والے اہداف پراپنی پسندیدگی کا اظہار کیا۔ دستاویزی فلم بنانے پر چیف سیکرٹری صاحب نے محکمہ جنگلات اور پراجیکٹ سٹاف کی کاوشوں کو خوش آئند قرار دیا اور اس کو مذید بہتر بنانے کیلئے مفید مشورے بھی دئے۔ اس دستاویزی فلم کو جلد قومی و بین الاقوامی میڈیا میں نشر کیا جائیگا جس سے امید ہے یہاں کے قدرتی ذرائع کو مقامی وبین الاقوامی مارکیٹ تک رسائی دینے میں آسانی ہوگی۔
وقت اشاعت : 22/10/2017 - 13:41:34

اپنی رائے کا اظہار کریں