پاکستان دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر ملک ہے،حافظ حفیظ الرحمن
تازہ ترین : 1

پاکستان دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر ملک ہے،حافظ حفیظ الرحمن

گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 22 اکتوبر2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ پاکستان دفاعی اعتبار سے ناقابل تسخیر ملک ہے‘ اب ملک کو فوڈ سکیورٹی کے حوالے سے بھی مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس شعبے میں خاطر خواہ ریسرچ کا فقدان نظر آرہاہے صوبائی سطح پر ہم نے زرعی شعبے کے فروغ کیلئے پالیسی بنائی ہے جس کے تحت ایفاد پروجیکٹ کا آغاز کیا جاچکاہے ۔

ان خیالات کا اظہار وزیر اعلیٰ گلگت نے پی اے آر سی میں سویا بین کی کاشت کے فوائد کے حوالے سے منعقدہ آگاہی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے کہا کہ عوام میں آگاہی اور شعوراجاگر کرنے میں میڈیا کا کلیدی کردار ہے ،علاقے کے وسیع ترمفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے میڈیا اپنا بھرپور کردار ادا کرے۔حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ چینی سفیر سے حالیہ ملاقات میں واضح کیا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کو ریلیف کی ضرورت نہیں ہے بلکہ ٹرانسفر آف ٹیکنالوجی کی ضرورت ہے، جس پر انہوں نے یقین دلایا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی ٹرانسفر اور تکنیکی شعبے میں حکومت کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ گلگت نے کہا ہے کہ پولٹری اور مچھلیوں کی افزائش نسل کے حوالے سے متعلقہ اداروں کو فعال کیا گیا ہے اور نجی سیکٹر کے تعاون سے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ حکومت کی ذمہ داری سڑکیں بنانے اور ملازمتیں دینے سے ختم نہیں ہوتی ہے بلکہ قوم کو ہرشعبے میں رہنمائی فراہم کرنا ہے جس کیلئے ہماری حکومت نے اقدامات کئے ہیں تمام شعبوں میں بہتری آرہی ہے۔

وزیر اعلی نے کہا ہے کہ ماضی میں ترقی کے حوالے سے سمت کا تعین نہیں کیا گیا تھا اور نہ ہی کوئی جامعہ حکمت عملی وضع کی گئی تھی اس حوالے سے صوبائی حکومت نے جامعہ پالیسی کے تحت صوبے کی ترقی اورزرعی شعبے کے فروغ کیلئے حکمت عملی بنائی ہے جس کے تحت کام کیا جارہاہے۔انہوں نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان میں سویا بین سمیت دیگر اجناس کی کاشت کے وسیع مواقع موجود ہیں ان فصلوں کی کاشت سے خاطرخواہ منافع کمایا جاسکتا ہے۔ حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ مقامی کاشتکاروں میں آگاہی پیدا کرنے کیلئے کام کیا جارہا ہے۔ صوبائی حکومت کا فوکس زرعی شعبے میں خودکفالت کی منزل کو حاصل کرنا ہے۔

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :

وقت اشاعت : 22/10/2017 - 13:41:25

متعلقہ عنوان :

اپنی رائے کا اظہار کریں