اوپن یونیورسٹی نے پی ایچ ڈی طلبہ کو پڑھانے کے لئے غیر ملکی ماہرین کو مدعو کرلیا

ایک ہفتہ دورانیہ کے لیکچر سیریز( آج)پیر سے شروع ہوں گے جو 27اکتوبر تک جاری رہیں گے

اتوار 22 اکتوبر 2017 13:11

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اکتوبر2017ء)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی نے اپنے فیکلٹی ممبرز کی پروفیشنل ڈیولپمنٹ اور پی ایچ ڈی طلبہ کو ای لرننگ نظام کے تحت پڑھانے کے لئے غیر ملکی ماہرین تعلیم کو مدعو کیا ہے۔ ان ماہرین میں کینیڈا کی ایتھاباسکایونیورسٹی کے پروفیسر روری(Prof. Rory) ،ْ ہانگ کانگ اوپن یونیورسٹی کے پروفیسر کیبل گرین اور سان جوس سٹیٹ یونیورسٹی ،ْ امریکہ کے پروفیسر منا ہالوپنین(Prof. Minna Holopainen)شامل ہیں۔

وائس چانسلر ،ْ پروفیسر ڈاکٹر شاہد صدیقی یونیورسٹی کے تعلیمی پروگرامز باالخصوص ایم فل اور پی ایچ ڈی سطح کے پروگرامز کی اپ گریڈیشن اور ان پروگرامز کو بین الاقوامی معیار پر پورا اترنے کے قابل بنانے پر خصوصی تو جہ دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی نے تعلیم کا آن لائن موڈ بتدریج اپنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے۔منظور شدہ منصوبے کے تحت ،ْ طلبہ درسی کتب اور دیگر معاون مواد پرنٹ شکل کے بدلے الیکٹرانک یا ڈیجیٹل آلات کے ذریعہ وصول کریں گے۔

یونیورسٹی کے 19۔پی ایچ ڈی پروگرامز ہیں جن کو اسی سال کے آخر تک آن لائن نظام پر منتقل کردئیے جائیں گے ،ْ اسی طرح32۔ ایم فل پروگرامز کو آئندہ سال کے آخر تک آن لائن نظام پر منتقل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔آن لائن لرننگ کے فوکل پرسن ،ْ ڈاکٹر زاہد مجید کے مطابق غیر ملکی ماہرین ہمارے پی ایچ ڈی طلبہ کو آن لائن لرننگ مینجمنٹ سسٹم کے تحت لیکچرز دیں گے۔اس حوالے سے شعبہ سپیشل ایجوکیشن نے ایک ہفتے دورانیہ کے لیکچر سیریز ترتیب دئیے ہیں۔یہ لیکچر سیریز آج )سوموار 23۔اکتوبر(سے شروع ہوں گے اور 27۔اکتوبر تک جاری رہیں گے۔فیکلٹی ممبرز اور پی ایچ ڈی طلبہ کو لیکچرزسیریز میں شرکت کے لئے مدعو کیا گیا ہے۔