یورپی یونین ایران کے ساتھ بین الاقوامی ایٹمی سمجھوتے کی پابند رہے گی، فرانس

اتوار 22 اکتوبر 2017 12:00

برسلز ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2017ء) فرانس کے صدر ایمانویل میکرون نے کہا ہے کہ ایران اور عالمی طاقتوں کے ساتھ طے پانے والے ایٹمی سمجھوتے کو بچانے کے لئے یورپ اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لائے گا۔

(جاری ہے)

فرانس کے ٹی وی چینل کے مطابق صدر ایمانوئل ماکرون نے برسلز میں یورپی کونسل کے اجلاس کے اختتام پر یورپ کی سطح پر ایٹمی سمجھوتے کے تمام پہلوئوں کی پابندی کی تاکید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کا مطلب واضح طور پر یہ نکلتا ہے کہ ایران کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو پھر سے شروع کیا جائے اور ہر طرح کے دباؤ سے اجتناب کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ دباؤ ڈالنے کا فیصلہ امریکا کا ہے جو ایٹمی سمجھوتے کی حفاظت سے تضاد رکھتا ہے۔ادھر یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی ڈپٹی کوآرڈینیٹر ہیلگا اشمید نے بھی ماسکو میں ایٹمی ترک اسلحہ کے بین الاقوامی اجلاس میں کہا کہ یورپی یونین اپنی تمام کوششیں بروئے کار لائے گی تاکہ ایٹمی سمجھوتہ ایک اہم اور کلیدی دستاویز کی حیثیت سے عالمی سطح پر باقی رہے۔