پاکستان کی گنی کو ٹیکسٹائل، چمڑے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں مہارت سے استفادہ اور چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے شعبے میں تجربات کے تبادلے کی پیشکش

دہشتگردی مشترکہ دشمن ہے ،اس سے موثر طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے پاکستان نے قومی عزم کیساتھ دہشت گردی کے خاتمے میں اہم کامیابیاں حاصل کیں، زرعی شعبے میں اپنی مہارت اور تحقیق کی سہولتوں سے گنی کو اپنے زرعی وسائل موثر طور پر استعمال کرنے میں مدد فراہم کرسکتے ہیں، وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی گنی کے صدر الفاکونڈے سے ملاقات میں گفتگو

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 23:20

استنبول (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان افریقی ممالک کے ساتھ تجارت، سرمایہ کاری اور دفاع کے شعبوں میں تعاون بڑھا کر تعلقات مستحکم بنانے کا خواہاں ہے۔وہ ہفتہ کو استنبول میں گنی کے صدر الفاکونڈے سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے۔وزیراعظم نے کہا کہ سرکاری اور نجی شعبے کے اشتراک عمل اور مشترکہ منصوبوں سے تعلقات بڑھانے میں مدد ملے گی۔

شاہد خاقان عباسی نے گنی کو ٹیکسٹائل، چمڑے، بنیادی ڈھانچے کی ترقی اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبوں میں پاکستان کی مہارت سے استفادہ کرنے اور چھوٹی اور درمیانی صنعتوں کے شعبے میں تجربات کے تبادلے کی پیشکش کی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان زراعت کے شعبے میں اپنی مہارت اور تحقیق کی سہولتوں سے گنی کو اپنے زرعی وسائل موثر طور پر استعمال کرنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

دونوں رہنمائوں نے دیگر ممالک کی شمولیت کیلئے ڈی ایٹ تنظیم میں توسیع کی ترکی کے صدر کی تجویز کی توثیق کی۔وزیراعظم نے دہشتگردی کے عالمی مسئلے پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان نے قومی عزم کے ساتھ اس ناسور کے خاتمے کیلئے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔گنی کے صدر نے کہا کہ دہشتگردی ایک مشترکہ دشمن ہے جس سے موثر طور پر نمٹنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تمام شعبوں میں مضبوط دوطرفہ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔