لاہور،مقبوضہ کشمیر میں خواتین کے بال کاٹنے اور بے حرمتی کے خلاف الامہ لائرز فور م کے زیر اہتمام مظاہرہ

مسلم دنیا وعالمی اداروں سے تازہ بھارتی دہشت گردی کے خلاف نوٹس لینے کا مطا

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 23:04

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 اکتوبر2017ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے خواتین کے بال کاٹنے کی خفیہ وارداتوں اور بے حرمتی کے خلاف الامہ لائرز فور م کے زیر اہتمام ایوان عدل لاہور میں وکلاء نے صدر بار چودھری تنویر اختر کے ہمراہ مظاہرہ کیا اور مسلم دنیا وعالمی اداروں سے تازہ بھارتی دہشت گردی کے خلاف نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔

مظاہرہ میں بڑی تعداد میں وکلاء شریک ہوئے اور پر جوش نعرے بازی کی۔مظاہرہ سے صدر لاہور بار چودھری تنویر اختر کے علاوہ صدارتی امیدوار لاہور بار ملک محمد ارشد، صدر حرمت رسولؐ لائرز موومنٹ رائو طاہر شکیل، چیئرمین سول سوسائٹی سرکل علی عمران شاہین، چیئرمین مصطفائی جسٹس فورم میاں محمد اشرف عاصمی، ایم ایچ شاہین، حافظ تنویر ،ضیاء اللہ بھٹی و دیگر نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں 70سال سے مسلسل مظالم ڈھا رہا ہے۔گزشتہ 30سال میں بھارت نے 1لاکھ سے زائد کشمیری قتل کر ڈالے۔طویل عرصہ سے مقبوضہ کشمیرہر طرح سے محاصرے میں ہے۔اب بھارتی فوج نے کشمیریوں کو آزادی کے نعرے سے باز رکھنے کے لئے ان کی خواتین کے بال کاٹنے کے لئے خفیہ حملے شروع کر رکھے ہیں۔بھارتی فوج نے چند روز میں ڈیڑھ سو زائد خواتین کے بال کاٹ ڈالے ہیں۔

سارے کشمیر کے اند ر خوف و ہراس کی کیفیت ہے ۔بھارتی فوج اور پولیس نے کسی ایک مجرم کو گرفتار نہیں کیا جبکہ کشمیریوں نے کئی بھارتی فوجیوں کو بال کاٹنے کی وارداتوں کے دوران خود پکڑا جنہیں فوری رہا بھی کر دیا گیا۔بھارتی فورسز کشمیریوں کو روز قتل کرتی اور جیل ڈالتی ہے لیکن بال کاٹنے والوں سے بے خبری کا اعلان کر دیتی ہے۔اقوام متحدہ سمیت سارے عالمی ادارے کشمیر کے معاملے پر 70سال تماشائی ہیں ۔

انہیں ملالہ اور مختاراں پر تو ظلم نظر آتا ہے لیکن انہیں کشمیری خواتین پر ہونے والے کسی حملے اور ظلم و ستم کی کبھی خبر نہیں ہوتی۔پاکستان مسئلہ کشمیر کو پہلی ترجیح پر رکھے اور مسلم دنیا کو اس پر متحد کرے اور عالمی سطح پر مسئلے کے حل کے لئے سنجیدہ کوششیں کرے۔دنیا یاد رکھ کہ جنوبی ایشیا میں امن مسئلہ کشمیر کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔