بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات بھر پور انداز میں منانے کے تمام تر انتظامات مکمل، ڈپٹی سیکرٹری شرائن سید فراز عباس

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 22:44

حسن ابدال ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء) بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات بھر پور انداز میں منانے کے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ چیئرمین متروکہ وقف املاک صدیق الفاروق نے ذاتی خرچ کے ذریعے گوردوارہ سری پنجہ صاحب کے پانی کو صاف کرکے نئی مثال قائم کی ہے۔ ان خیالات کا اظہار ڈپٹی سیکرٹری شرائن سید فراز عباس نے گوردوارہ سری پنجہ صاحب میں بابا گورونانک کے جنم دن کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ گوردوارہ پنجہ صاحب میں ’’ سرور صاحب ‘‘ کے پانی جس سے یاتری اشنان کرتے ہیں کو مکمل طور پر صاف کر دیا گیا ہے اور گندے پانی کو صاف پانی سے الگ کرنے کا کام مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ پنجہ صاحب کے اندر سے گزرنے والے پانی کے کھٹوں کو تہہ تک صاف کیا جا رہا ہے تا کہ سکھوں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو اس کام کے لیے چیئرمین متروکہ وقف املاک نے ذاتی جیب سے نہ صرف فنڈز مہیا کیے ہیں بلکہ ہمیں بھی خصوصی طور پر یہاں آ کر تمام کام کی نگرانی کی ہدایات جاری کی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نومبر کے ابتدائی ایام میں بابا گورونانک کے جنم دن کی تقریبات کو منعقد کرنے کے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا چکی ہے اور ہماری کوشش ہے کہ یاتریوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس موقع پر ان کے ہمراہ کیئر ٹیکر سید اظہر عباس ۔عصمت اللہ خان۔سردار پریتم سنگھ۔کنول جیت سنگھ۔کلیان سنگھ ۔اندر پال سنگھ سمیت بڑی تعداد میں سکھ مذہب سے تعلق رکھنے والی نمایاں شخصیات بھی موجود تھیں جنہوں نے گوردوارہ میں جاری ترقیاتی کاموں کے حوالے سے کیے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے حکومت پنجاب کا شکریہ بھی ادا کیا۔