عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں ،صوبائی وزیر زراعت و فنانس سردار محمد اسلم بزنجو

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 22:39

کوئٹہ ۔21 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اکتوبر2017ء)صوبائی وزیر زراعت و فنانس سردار محمد اسلم بزنجو نے کہاہے کہ عوام کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے ترجیحی بنیادوں پر کام کررہے ہیں‘ دستیاب وسائل کے اندررہتے ہوئے ایجوکیشن ، ہیلتھ ، بجلی ، کی فراہمی کے لئے خصوصی اقدامات کررکھے ہیں پینے کے صاف پانی کی فراہمی سڑکوں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبے ہماری ترجیحات میں شامل ہیں۔

مستقبل میں پاک چین اقتصادی راہداری کافائدہ صوبے کے عوام کو ملے گا ، گوادر رتو ڈیرو شاہراہ ونگو سیکشن کو لنک کردیا گیا ہے اوراس شاہراہ آمد و رفت کا سلسلہ شروع ہوچکا ہے ،یہ نئی شاہراہ کھلنے سے لوگوں کے لئے تجارت کے مذید مواقع بھی پیدا ہونگے،سندھ بلوچستان و پنجاب کے صوبے اس نئی شاہراہ کے ذریعے لنک ہوچکے ہیں اوران کی مسافت کم رہ گیاہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوںنے خضدار پریس کلب کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ وفد میں خضدار پریس کلب کے صدر عبداللہ شاہوانی جنرل سیکریٹری منیر نور گرگناڑی فنانس سیکریٹری محمد خان ساسولی اور سابق جنرل سیکریٹری عبدالواحد شاہوانی تھے ۔صوبائی زیر زراعت و فنانس سردار محمد اسلم بزنجو نے کہاکہ بارشیں کم ہونے کی وجہ سے زیر زمین پانی کی قلّت میں اضافہ ہواہے اس مقصد کے لئے بیشتر مقامات پر ڈیمز بھی تعمیر کرچکے ہیں تاکہ بارش کے پانی کو محفوظ بنایا جاسکے ۔

عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لئے تمام شعبوں پر کام کررہے ہیں ۔آئندہ بھی اسی طرح کام کرتے رہیں گے ۔صوبے میں میڈیکل کالجز کو فعال بنارہے ہیں جہاں کلاسز کا جلد آغاز بھی کردیا جائیگا ۔ہماری کوشش ہے کہ اپنے عوام کو ہر صورت میں ریلیف دیکر ان کی پسماندگی کا خاتمہ کرسکیں ۔انہوںنے کہاکہ سی پیک اس خطے میں ترقی کی نئی راہیں کھولنے میں کامیاب ہوگی۔گوادر رتوڈیروشاہراہ تکمیل کے آخری مراحل میں ہے شاہراہ سے آمدو رفت کا آغاز ہوچکا ہے آئندہ چند ہفتوں میں بیسمہ اور خضدار شاہراہ پر بھی تعمیراتی کام کا آغاز ہوجائیگا ۔