سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر اگلنا آزادی اظہار نہیں بغاوت ہے ،خرم نواز گنڈاپور

باغیانہ مہم میں ملوث عناصر کے حق میں نواز شریف کا بیان قابل مذمت، قابل گرفت ہے منفی مہم میں ملوث سنپولیوں کے اڑدھا بننے سے قبل سر کچل دئیے جائیں، عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل کا ونگز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب، سوشل میڈیا صارفین کو ملک دشمن عناصر پر کڑی نگاہ رکھنے کی ہدایت

ہفتہ 21 اکتوبر 2017 22:36

سلامتی کے اداروں کے خلاف زہر اگلنا آزادی اظہار نہیں بغاوت ہے ،خرم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 21 اکتوبر2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈا پور نے کہا ہے کہ فوج ،عدلیہ نظریہ پاکستان کے خلاف منفی مہم چلانا اور ملکی اداروں کے خلاف زہر اگلنا آزادی اظہار نہیں ریاست کے خلاف اعلان جنگ اور کھلی بغاوت ہے، اس منفی مہم میں ملوث سنپولیوں کے اڑدھا بننے سے پہلے ان کے سر کچل دینے چاہئیں،ایسے ملک دشمن عناصر کے حق میں بیان سے ثابت ہو گیا باغیانہ مہم کی سرپرستی معاشی دہشت گرد نواز شریف کررہا ہے۔

گزشتہ روز عوامی تحریک کے ونگز کے صدور اور جنرل سیکرٹریز کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف مذموم مقاصد کیلئے الطاف، برہمداغ اور بالاج کے راستے پر چل نکلے ہیں۔ ہم بار دگر مطالبہ کرتے ہیں کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف غیر ملکی قوتوں کے ایما پر پراپیگنڈا کرنے والے تمام عناصر اور ان کے سرپرستوں کو گرفتار کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف منفی سوشل میڈیا مہم کی تحقیقات کیلئے نواز شریف کے مقرر کردہ وزیرداخلہ احسن اقبال کو بھی شامل تفتیش کیا جائے،ان کی مرضی کے بغیر یہ گھٹیا مہم نہیں چل سکتی۔ خرم نواز گنڈاپور نے کہا کہ نواز شریف کی کرپشن پکڑی جا چکی،ثبوت اتنے واضح ہیں کہ سزائیں یقینی ہیں، نواز شریف فوج اور عدلیہ کے خلاف مہم چلا کر بیرونی دنیا کو مدد کے لیے پکار رہے ہیں اور یہ منفی مہم سزا?ں سے بچنے کا اوچھا ہتھکنڈا ہے جس میں وہ کامیاب نہیں ہونگے۔

انہوں نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں موجود عوامی تحریک اور تحریک منہاج القرآن کے نوجوانوں اور سوشل میڈیا ایکٹوسٹ سے کہا کہ وہ نظریہ پاکستان اور قومی سلامتی کے اداروں کے خلاف چلنے والی منفی مہم کا سدباب کریں اور ایسے عناصر پر کڑی نگاہ رکھیں جو ملکی اداروں کے وقار کے خلاف کام کررہے ہیں اور ایسے عناصر کی نشاندہی کریں اور مرکزی سوشل میڈیا سیل کو بھی آگاہ رکھیں تاکہ ملک دشمن عناصر کا راستہ روکاجا سکے اور نئی نسل کو نظریاتی، فکری دہشت گردی سے بچایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 21 کروڑ عوام عدلیہ، فوج سے محبت کرتے ہیں اور ان کے خلاف کام کرنے والے ملک دشمن عناصر کو کسی صورت مذموم کھیل نہیں کھیلنے دیں گے۔